• news

شہریوں کی2لاکھ 38ہزار حل شدہ شکایات دوبارہ کھولی جائیں ،وزیراعظم


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال کی حل شدہ 15 لاکھ شکایات میں سے 2 لاکھ 38 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے شکایات کو نظر ثانی کیلے مجاز اعلیٰ افسران کے حوالے کیا جائے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اداروں کی ایک لاکھ 7 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا بھی حکم دیا ہے۔ صوبائی سطح پر نظرثانی کی نگرانی متعلقہ چیف سیکرٹری و آئی جی کریں گے۔ وفاقی سطح پر متعلقہ وزارت کے سیکرٹری شکایات نظرثانی کے ذمہ دار ہوں گے۔ صوبائی سطح پر 80 ہزار شکایات حکومت پنجاب کے ماتحت اداروں کی ہیں۔ حکومت خیبر پی کے کے ماتحت اداروں کی 27 ہزار شکایات کو کھولا جائے گا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق صوبہ سندھ کی 15 ہزار، بلوچستان کی 3 ہزار، آزاد کشمیر میں 11سو شکایات پر نظرثانی ہوگی۔ گلگت بلتستان میں 400 شکایات کو دوبارہ کھولا جائے گا۔ شکایات میونسپل سروسز، بجلی و گیس، مواصلات اور شعبہ تعلیم سے متعلق ہیں۔ وزیراعظم آفس نے ہدایت کی کہ شکایات پر نظرثانی کر کے متعلقہ اعلیٰ افسران رپورٹ جمع کروائیں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکن عارف راز کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹر پر لکھا ہے عارف راز کے انتقال کا سن کر شدید دکھ پہنچا۔ وہ ہمارے 25 سال پرانے ان نظریاتی ورکرز میں سے تھے جو نشیب و فراز میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے، ان کی فیملی سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتا ہوں۔اس حوالہ سے وزیر اعظم عمران خان کے آفس کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل، آئی جی پنجاب رائو سردار علی خان اور آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس سمیت چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریوں اور آئی جیز کو حکمنامہ موصول ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن