معاشرے کی اصلاح کیلئے حکمت و دانائی اختیار کریں، فضل الرحیم اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک کے معروف دینی ادارہ جامعہ عثمانیہ آسٹریلیا مسجد میں تکمیل ختم بخاری شریف کی سالانہ پروقار تقریب متحدہ علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام مولانا عبد الرئوف ملک کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں طلبہ، علماء کرام دینی مدارس کے مہتمم، ملک بھر سے علماء کرام اور قدیم فضلاء نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر جامعہ اشرفیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث حضرت مولاناحافظ فضل الرحیم اشرفی نے حدیث کی مشہور کتاب بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے کہا کہ علماء کرام اور طلبا ِ دین معاشرے کی اصلاح اور تبلیغ دین کیلئے حکمت و دانائی کو اختیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ احادیث شریفہ سے وابستگی سے ہی ملت اسلامیہ کامیابی و کامرانی سے ہمکنار ہوسکتی ہے،متحدہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ مولانا عبدالرئوف ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کا جب بھی احادیث شریفہ سے تعلق کمزور ہوا وہ ناکامی سے دوچار ہوئے۔شیخ الحدیث مولانامحمد یوسف خان نے کہا کہ دینی مدارس سے فارغ ہونے والے طلباء اپنے آپ کو دین کے کسی نا کسی شعبہ کے ساتھ وابستہ کر لیں اور ہر ممکن اشاعت دین کا فریضہ سرانجام دیں اور اس کے ساتھ ساتھ آئین و قانون کی بھی مکمل پاسداری کریں۔مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جے یو آئی مولانا امجد خان نے کہا کہ پاکستان کو بنانے میں اکابرین علماء دیوبند نے بنیادی کردار ادا کیا اس کے تحفظ و بقا کیلئے بھی ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔مہتمم جامعہ عثمانیہ آسٹریلیا مسجد مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مدارس ہی ملک واسلام کے وفادار ہیں،دینی مدارس کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا،مغربی قوتیں دینی مدارس کو ختم کرنے پر تلی ہیں ،صدر کمیٹی آسٹریلیامسجد شیخ اسد الرحمن نے کہا کہ دینی مدارس کو کسی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ڈائریکٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ حدیث شریف کا پڑھنا‘ سننا اور اس کو سمجھنے کی کوشش کرنا سعادت مندی ہے،سیکرٹری اوقاف پنجاب جواد اکرم نے کہا کہ مسلمانوں کا طرز زندگی اور ان کا شب و روز اگر قرآن و حدیث کے مطابق ہوجائے تو وہ دونوں جہاں میں کامیاب و کامران اور سر خرو ہوجائیں گے۔