طب یونانی کی ترقی کیلئے حکیم اجمل کی گرانقدار خدمات ہیں، اجمل ثانی
لاہور (کامرس رپورٹر ) عالمی سطح پر طب یونانی کی ترقی کیلئے حکیم اجمل خان نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ۔انہوں نے سچے جذبے کیساتھ طب یونانی کی خدمت کی ہے ۔حکیم اجمل خان کو قومی نصاب کا حصہ بنایا جائے، انہوں نے پوری زندگی انسانیت کی خدمت میں گزاری۔ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی جا نشینِ مسیح الملک حکیم اجمل ثانی (اسسٹنٹ ڈایکٹر دواخانہ حکیم اجمل خان پرائیویٹ لمیٹڈ)نے طب کے عالمی دن کے موقع پر گوجرانوالہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حکیم اجمل ثانی نے بزمِ اجمل کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ملک بھر میں یومِ اجمل کے انعقاد کا سہرا بزمِ اجمل کو ہی جاتا ہے۔ اس کے علاوہ حکیم اجمل خان ثانی نے مسیح الملک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسیح الملک نے طب یونانی کی بقا کیلئے انگریز دور حکومت میں دوسرے اطباء حضرات کیساتھ مل کر بھرپور جنگ لڑی۔ بزمِ اجمل کے صدر حکیم خلیق الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسیح الملک حکیم محمد اجمل خان نے نمود و نمائش سے پاک ہو کر طب یونانی کا مقدمہ لڑا ۔ حکیم محمد اجمل خان نے بلڈ پریشر کی دواء دریافت کرکے طب یونانی میں تحقیق کی راہ ہموار کی ۔حکیم خلیق الرحمن نے نے کہا کہ بزمِ اجمل کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں یہ بزم صرف مسیح الملک کی مساعی کو اطِباء تک پہنچانے کے لئے قائم کی گئی ہے ۔ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبد الستار اعوان نے اطِبائے کرام کے لئے مفت قانونی مشاورت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسیح الملک حکیم محمد اجمل خان کے جانشین اجمل ثانی کا وجود طبی دنیا کے لئے نعمت سے کم نہیں۔بزم اجمل کے جنرل سیکرٹری حکیم قیصر نوید گھمن نے کہا کہ بزمِ اجمل افکارِ اجمل کو عام کرنے کے لئے مصروف عمل ہے ۔ بزمِ اجمل شعبہ ادب کی سربراہ فرحانہ عنبر نے مسیح الملک حکیم محمد اجمل خان کو منظوم خراجِ تحسین پیش کیا ۔ تقریب میں ای ڈی او ہیلتھ، علاقے کے شعراء اور شاعرات و دور دراز سے آئے ہوئے حکماء کی کثیر تعداد شریک ہوئی آخر میں حکیم اجمل خان کے لئے بلندء درجات کی دعاکی گئی۔