حکومتی اتحادی قوم پر رحم کریں، غیر آئینی طریقے سے حکومت ختم نہیں کرینگے: فضل الرحمن
ملتان (نوائے وقت رپورٹ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ غیرآئینی طریقے سے حکومت کو ختم نہیں کریں گے، ہم سسٹم کو دفن کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ملتان میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ غیرآئینی طریقے سے حکومت کو ختم نہیں کریں گے، ہمیں جمہوری تبدیلی کیلئے ابتدائی رابطوں کے اچھے نتائج ملے ہیں، ہم جلد ہی حکومت کے خلاف اپنے ووٹ پورے کرلیں گے۔ فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت میں جس بچی نے حجاب کی لاج رکھی ہے اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آئندہ جمعہ کو ملک بھر میں یوم حجاب منائیں گے۔ آزادی کے نام نہاد دعویدار حجاب کا حق نہیں دیتے۔ توہین مذہب پر قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں۔ پی ٹی آئی کی حلیف جماعتوں سے اپیل ہے اب قوم پر رحم کریں۔ عدم اعتماد پر ابتدائی رابطے کامیاب ہوئے ہیں۔ عدم اعتماد کے بعد نئے وزیراعظم کی جزئیات طے کرنا ہیں۔ بڑے بڑے گھپلے ہوئے ہیں اور تمغے دیئے جارہے ہیں۔ پک اینڈ چوز ایک دکھاوا ہے کھیل ختم ہوچکا۔ انہوں نے اشارہ دے دیا ہے کہ ان کا کھیل ختم ہوچکا ہے۔