• news

جماعت اسلامی کا مہنگائی، کرپشن کیخلاف شیخوپورہ میں دھرنا: پاکستان رو رہا ہے، سراج الحق

لاہور، شیخوپورہ (خصوصی نامہ نگار، نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ارد گر د لوگ خوش، 22کروڑ عوام کا پاکستان رو رہا ہے۔ ساڑھے تین برسوں میں ہر سکینڈل میں پی ٹی آئی کے وزیروں کے نام آئے۔ حکومت غریبوں پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے۔ بجلی کی قیمت میں تین روپے فی یونٹ مزید اضافہ کردیا گیا۔ گزشتہ 70 برسوں میں 31ہزار ارب اور پی ٹی آئی کے تین برسوں میں 21ہزار ارب قرضہ لیا گیا۔ اگر جھوٹ بولنے کے مقابلے ہوتے تو ہمارے وزیراعظم کے حصے میں ورلڈ کپ آتا۔ پی ٹی آئی نے ریاست مدینہ کے نام پر قوم کو دھوکا دیا۔ وزیراعظم کم از کم ایک وعدہ پورا کریں اور گھر جائیں۔ قوم ملک میں اسلامی نظام چاہتی ہے۔ حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں یہ ملک عوام کا ہے اور آخری فیصلہ بھی وہی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں عوامی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی نے مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف 101دھرنوں کا اعلان کررکھا ہے۔ گجرات کے بعد شیخوپورہ میں اتوار کو دوسرا دھرنا دیا گیا۔ بچوں، خواتین سمیت ہزاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین اور سٹیج پر موجود اہم قائدین میں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، صوبائی سیکرٹری جنرل نصراللہ گورائیہ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ رانا تحفہ دستگیر و دیگر شامل تھے۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ اشیائے خوردونوش، بجلی کے ٹیرف اور پٹرول کی قیمتوں میں کم از کم 50 فیصد کمی کی جائے۔ وزیراعظم اپنے وعدے کے مطابق نوجوانوں کو نوکریاں دیں اور 50لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں۔ سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف سے واپس لیا جائے۔ جاوید قصوری نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کو بدحال کر دیا ہے۔ ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت بھی ناکامیوں کا تسلسل ہے، اب وقت آگیا کہ اس سے نجات حاصل کی جائے۔ حکمرانوں کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران خان،آصف زرداری اور نواز شریف کی پالیسیاں ایک ہی ہیں ان کی سب کی منزل اسلام آباد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے زیرا ہتمام چوک جناح پارک میں دئیے گئے مہنگائی، بیروزگاری، شیخوپورہ کے تاریخی سیرگاہ کمپنی باغ میں ماڈل بازار، صفدر آباد میں عدالتوں کے عدم قیام کے سلسلہ میں دئیے گئے دھرنا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چودھری غلام رسول بھٹی ، ڈاکٹر رائے الطاف ،چودھر ی محمدتوصیف ، خالد محمود ورک، چودھری شفقت گجر، امتیاز احمد، رانا ظہیر، زاہد عمران کوروٹانہ، میاں اسد اللہ، سلمان ورک، سابق صدر بار نصراللہ خان وٹو، اکرم طاہر، رانا لیاقت علی، عرفان اسحق، محمد شہزاد طاہر سمیت پارٹی عہدیدار، کارکنوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔  سراج الحق نے کہا کہ عمران خان مافیاز کے خاتمہ کی باتیںکرکے قوم کو بیوقوف بنارہے ہیں۔ مافیاز تو وزیراعظم کے دائیں، بائیں بیٹھے ہیں۔ چینی بحران، ادویات کی شارٹیج اور گندم، آٹا بحران کے ذمہ داران ان محکموںکے وزراء ،مشیر نکلے۔ قوم مزید بہکاووں میں نہیں آئیں گے۔ اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد کی تیاریاں کررہی ہیں مگر شیخوپورہ کے عوام نے حکمرانوں کیخلاف عدم اعتماد کردیا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے گورنرسٹیٹ بینک کو فی الفور فارغ کرکے سٹیٹ بینک کو پاکستان کے حوالے کیا جائے ۔ 

ای پیپر-دی نیشن