• news

کشمیر بھارت کو ہرا نہیں سکتا‘ اسے کھا جائے گا: ارون دھتی

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ +این این آئی) بھارتی مصنفہ ارون دھتی رائے نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کو ہرا نہیں سکتا لیکن یہ اسے کھا جائے گا۔ ہندو قوم پرستی یوگوسلاویہ اور روس کی طرح بھارت کے ٹکڑے ٹکرے کر سکتی ہے۔ معروف بھارتی صحافی کرن تھاپر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا  کہ بھارت کی موجودہ صورتحال انتہائی مایوس کن ہے تاہم مجھے امید ہے کہ بھارتی عوام بالآخر نریندر مودی اور بی جے پی کی فسطائیت کے خلاف مزاحمت کریں گے۔  بھارتی عوام جس گڑھے میں گرے ہوئے ہیں وہ اس سے باہر نکل رہے ہیں۔ بھارتی عوام پر بھروسہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ بھارت تاریک سرنگ سے ضرور نکلے گا۔ گزشتہ پانچ برسوں میں بھارت نے ایک بلوائی ملک کے طور پر شناخت پائی ہے۔ دن دیہاڑے سڑکوں اور چوراہوں میں ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں اور دلتوں کو سرعام کوڑے مارے، تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اس عمل کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کر دی۔ کشمیری بھارت کا حصہ کیوں بننا چاہیں گے، آزادی وہی ہے جو وہ چاہتے ہیں، آزادی وہی ہے جو انہیں حاصل ہونی چاہیے۔  کشمیر بھارت کو ہرا نہیں سکتا لیکن یہ بھارت کو کھا جائے گا۔ بھارت میں جمہوریت محض دکھاوا ہے۔ پولیس‘ عدلیہ‘ فوج اور تعلیمی اداروں پر ہندو انتہا پسندوں کا قبضہ ہے۔ مودی خود بھی آر ایس ایس کا حصہ ہیں۔ مودی نے بطور وزیراعظم اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔

ای پیپر-دی نیشن