• news

آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری پر توجہ دی جائے: نعمان بٹ 

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے ٹیسٹ سیریز کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے قومی ٹیم کے نمایاں کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میچوں کے بجائے ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بن کر طویل دورانیہ کی کرکٹ پر توجہ دیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم طویل عرصے بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے اور ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس کی وجہ سے ان میچوں کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے مضبوط ٹیم کا اعلان کیا ہے وہ ہوم گراؤنڈ پر ایشز سیریز جیت کر آ رہے ہیں۔ ان حالات میں پورا مہینہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلتے کھیلتے ٹیسٹ کرکٹ کی طرف جانا کھلاڑیوں کیلئے مشکل ہو سکتا ہے۔ مناسب پریکٹس کے بغیر ٹیسٹ کرکٹ کی طرف آنا مشکل ہوتا ہے۔ جب ہمارے کھلاڑی غیر ملکی لیگز چھوڑ کر نیشنل ڈیوٹی کیلئے واپس آ سکتے ہیں تو پھر آسٹریلیا کیخلاف سیریز کو نیشنل ڈیوٹی سمجھ کر پی ایس ایل کے میچز بھی چھوڑے جا سکتے ہیں۔ کچھ غیر ملکی کھلاڑی بھی تو واپس جا رہے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔ آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم کیخلاف ہوم سیریز جیتنے کیلئے بہتر تیاریوں کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن