ساڑھے تین برسوں میں ہر شعبہ بدحالی کا شکار ہوا: طارق محمود ڈوگر
جوئیانوالہ (نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) پی پی 137کے سینئر نائب صدر و سابق ممبر ضلع کونسل حاجی طارق محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ ملک پر گزشتہ 73برسوں سے مغرب کے ایجنٹ اور سیکولر نظام کے پروردہ حکومت کر رہے ہیں حکومت نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا ساڑھے تین برسوں میں ہر شعبہ بدحالی کا شکار ہوا، پی ٹی آئی کی حکومت نے بیڈ گورننس کی تاریخ رقم کی وزیراعظم نے جتنے وعدے کئے ایک بھی پورا نہیں کیا، اپنے ایک بیان میں حاجی طارق محمود ڈوگر نے کہا کہ نوجوان ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے نواز لیگ کا پلیٹ فارم استعمال کریں ظلم اور ناانصافی پر خاموشی ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے عوام کی گردنوں پر سوار ظالم اشرافیہ سے نجات حاصل کئے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکمرانوں سے نجات کیلئے پرامن جمہوری راستہ ہی بہترین راستہ ہے، انہوں نے کہا کہ قوم پی ڈی ایم کی جاری تحریک کا ہراول دستہ بنیں تاکہ نالائق حکمران ٹولے کو جلد اقتدار کے ایوانوں سے نکالا جاسکے۔