کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر‘ پرپوزل کابینہ میں لائیں گے: مونس الٰہی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے پاکستان کی آبی ترقی پر اسلام آباد میں منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم میں اپنے خطاب میں پاکستان کیلئے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کو ناگزیر قرار دے دیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی موجودگی میں انہوں نے کہا کہ زیرتعمیر ڈیم جب تک تیار ہوں گے اس وقت تک سلٹنگ کے باعث پاکستان کا واٹر سٹوریج لیول بڑھنے کے بجائے اتنا ہی ہوگا جتنا آج ہے۔ ہماری اس آبی صلاحیت کی کمی کو کالاباغ ڈیم پورا کر سکتا ہے۔ مونس الٰہی نے اعلان کیا کہ وہ سب کو ساتھ لے کر کالاباغ ڈیم کی تعمیر کا پروپوزل عنقریب کابینہ میں پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ملک مزید 3600 میگا واٹ بجلی اور6.1 ملین ایکڑ فٹ آبی ذخیرہ حاصل کر سکتا ہے۔ جس سے سستی بجلی کے علاوہ صوبہ سندھ کو موجودہ پانی کی فراہمی کے مقابلہ میں 40 لاکھ ایکڑ فٹ، پنجاب کو 22لاکھ ایکڑ فٹ، خیبر پختونخواہ کو 20 لاکھ ایکڑ فٹ اور بلوچستان کو 15 لاکھ ایکڑ فٹ اضافی پانی مل سکتا ہے۔ مونس الٰہی نے مزید کہا کہ تمام دوسرے آبی منصوبوں کے مقابلہ میں کم سے کم وقت میں اس ڈیم کی تعمیر سے پاکستان بجلی اور زرعی پیدا وار میں خاطر خواہ اضافہ کے ساتھ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی محفوظ ہو جائے گا۔