• news

نیب افسر بد عنوانی خاتمہ کیلئے بھر پور،کردار ادا کریں:چیئر مین


اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔  اجلاس میں نیب کی ماہانہ مجموعی کاردکردگی، ملک بھر کی مختلف فاضل احتساب عدالتوں میں نیب کے زیر سماعت ریفرنسز خصوصاً میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ 179میگا کرپشن مقدمات میں سے66میگا کرپشن مقدمات کومعزز احتساب عدالتوں نے قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا ہے جبکہ 94بد عنوانی کے مقدمات معزز احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں جن کی جلد سماعت کے لئے معزز احتساب عدالتوں میں قانون کے مطابق درخواستیں دائر کی جارہی ہیں۔ چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال  نے میگا کرپشن مقدمات میں نیب کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ66میگا کرپشن مقدمات جن کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے۔ ان میں سے12میگا کرپشن کیسز میں مختلف معزز احتساب عدالتوں نے ٹھوس شواہدا ور ثبوتوں کی بنیاد پر قانون کے مطابق مجموعی طور پرملزمان کو 4.364ارب روپے کی سزا سنائی۔ چئیرمین نیب نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ نیب کے مقدمات کی ٹھوس شواہد، مستند دستاویزات اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں پوری تیاری کے ساتھ قانون کے مطابق معزز عدالتوں میں پیروی کی جائے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کے شاندار نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے، منی لانڈرنگ، سرکاری فنڈز میں خورد برد اور بڑے پیمانے پر عوام سے دھوکہ دہی کے مقدمات نیب کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ نیب کی کارکردگی اور استعداد کار کا اعتراف معتبر قومی اور بین الاقوامی اداروں نے کیا ہے۔ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔ نیب افسر قانون کے مطابق زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن