• news

پی پی کے ایم پی اے رئیس نبیل کی ملاقات،اپوزیشن کے پاس نمبرز نہ گیم کا علم:عثمان بزدار


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی رئیس نبیل احمد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور حلقے کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ رئیس نبیل احمد نے بہاولپور ڈویژن کے لئے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکرکیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نازک حالات میں اپوزیشن کے انداز سیاست پر صد افسوس ہے۔ اپوزیشن حساس معاملات پر بھی منفی سیاست سے باز نہیں آئی۔ اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کی مذموم کوشش کی۔ ڈوبتی سیاست کے لئے مختلف سہار ے ڈھونڈ رہی ہے۔ منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل ان کی مشاورت سے حل کر رہے ہیں۔ ہر ضلع کا علیحدہ ترقیاتی پیکیج ترتیب دیا ہے۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی تجاویز کو بھی ترقیاتی پیکیج میں شامل کیا گیا ہے۔ اپوزیشن کے عدم اعتماد کے کھوکھلے نعروں سے ہوا نکل چکی ہے ۔اتحادی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اورساتھ رہیں گے۔ اتحادیوں کے ساتھ بہترین ور کنگ ریلشن شپ ہے۔ اپوزیشن کے پاس نہ نمبرز ہیں اور نہ ہی انہیں گیم کا علم ہے۔بد قسمتی سے اپوزیشن کے پاس نہ کوئی ایجنڈا ہے نہ کوئی پروگرام۔ پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے۔ مخالفین صرف پوائنٹ سکورنگ کرنے میں مصروف ہیں۔ ایسے عناصر کو پہلے بھی ہزیمت اٹھانا پڑی اور آئندہ بھی ناکامی کاسامنا کرنا پڑے گا۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میاں چنوں افسوسناک واقعہ میں ملوث ملزم قانون کے مطابق سخت سزا کے حقدار ہیں۔ حکومت نے قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہے۔ واقعہ انتہائی دلخراش اور قابل مذمت ہے، ملزم انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔ ملزمان عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ انصاف ہر صورت ہوگا اور ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔عثمان بزدار سے صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن محمد اخلاق  نے بھی ملاقات کی۔ صوبائی وزیر محمد اخلاق نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سپیشل ایجوکیشن کے جاری پروگرامز کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کی دیکھ بھال کیلئے ہماری حکومت نے بے شمار پروگرام شروع کیے ہیں۔ ماضی میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن