جے یو آئی ف پہلے نمبر پر برقرارنتائج مسترد کر دیئے،پی ٹی آئی پیچھے
پشاور(نوائے وقت رپورٹ) خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا اور غیر حتمی نتائج کے مطابق جے یو آئی (ف) نے پی ٹی آئی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ 23 نشستیں جیت لیں۔ خیبر پختونخوا میں ری پولنگ کے غیر حتمی نتائج کے مطابق 17 اضلاع میں 5 سٹی کونسل اور 61 تحصیلوں کے الیکشن ہوئے۔غیر حتمی نتائج کے مطابق جے یوآئی 3 سٹی میئرکے ساتھ 23 نشستیں حاصل کرکے سب سے آگے رہی جبکہ پاکستان تحریک انصاف 1 سٹی مئیر کیساتھ 19 نشستوں سے دوسرے، 9 آزاد امیدوار تیسرے، اے این پی 1 سٹی میئر سمیت7 تحصیل چیئرمین کیساتھ چوتھے، مسلم لیگ ن 3، جماعت اسلامی اور تحریک اصلاحات نے دو دو نشستیں حاصل کیں۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے حصے میں ایک نشست آئی۔ خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ری پولنگ ہوئی۔ سب سے اہم نشست سٹی میئر ڈی آئی خان پر پی ٹی آئی نے دھاک بٹھا دی۔ وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے۔ سٹی میئر پشاور میں 6 پولنگ سٹیشن پر دوبارہ ووٹ کاسٹ کئے گئے۔ جے یو آئی کے زبیر علی نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے مزید 1030 ووٹ حاصل کرلئے۔ دوسری طرف جے یو آئی ف نے خیبر پی کے کے بلدیاتی الیکشن کے نتائج کو مسترد کر دیا۔ امیر جے یو آئی خیبر پی کے مولانا لطف الرحمان نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ دھاندلی زدہ بلدیاتی الیکشن کرائے گئے‘ نتائج کو تسلیم نہیں کرتے۔ تمام حلقے دوبارہ کھلوا کر الیکشن کرائے جائیں۔ الیکشن کمشن نے اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کیں۔ تین چار دن کی ڈیڈ لائن دے رہے ہیں۔ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔