پاکستان سپر لیگ ، آج سے ہاوس فل کی اجازت، معیار شاندار ہے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے میں آج ایک میچ کھیلا جائیگا۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی ۔ میچ شام ساڑھے سات بجے قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ کل سولہ فروری کو بھی ایک میچ کھیلا جائیگا۔ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں شام ساڑھے سات بجے مد مقابل ہونگی ۔ پاکستان سپر لیگ سیون کے بقیہ میچز کیلئے آج سے مکمل ویکسینیٹڈ شائقینِ کرکٹ کو میچز دیکھنے کی اجازت مل گئی۔ لاہور کے 6 مقامات سے سٹیڈیم تک بس سروس کے سپیشل روٹس چلیں گے۔سپیشل روٹس شائقینِ کرکٹ کی آسانی کیلئے چلائے جارہے ہیں، سپیشل روٹس ماس ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور نجی کمپنی کیساتھ مل کر چلائے جارہے ہیں۔مذکورہ روٹس گڑھی شاہو، آر اے بازار، شاہدرہ، ٹھوکھر نیاز بیگ، شوکت خانم چوک، سکیم موڑ سے چلائے جارہے ہیں۔سپیشل روٹس 27 فروری تک چلیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ شائقین ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ شائقین معیاری کرکٹ سے لطف اندوز ہوں۔ ملتان سلطانز سے کھیلنے والے جنوبی افریقہ بیٹر رائیلی روسو نے پی ایس ایل کو دنیا کی بہترین لیگ قرار دیدیا۔ رائیلی روسو کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ مقام ہے۔ پی ایس ایل تھری میں دیگر کرکٹرز کی طرح کچھ شکوک و شبہات تھے، تاہم پہلی بار جب آیا تو سوچا تھا دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان کیسا ملک ہے۔ پاکستان سپر لیگ کیلئے دوبارہ پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم نے شاندار آغاز کیا، امید ہے سلسلہ جاری رکھیں گے۔ پاکستان سپر لیگ میں کرکٹ کا معیار شاندار ہے، جتنی لیگز کھیلیں ان میں پاکستان سپر لیگ سب سے ٹاپ پر ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں پروفیشنلزم مثالی ہے، پاکستان سپر لیگ میں جس طرح فاسٹ بائولرز سامنے آرہے ہیں وہ حیران کن ہے۔