کرونا:27اموات،پابندیاں نرم،پنجاب کے سکولوںمیں آج سے مکمل حاضری
لاہور‘ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 27 کرونا مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار 597 کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ مزید 3 ہزار 804 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔ پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 828 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کل مریضوں کی تعداد 14 لاکھ 88 ہزار 958 ہو چکی ہے۔ 75 ہزار 405 زیرِ علاج مریضوں میں سے 1 ہزار 588 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 13 لاکھ 83 ہزار 725 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 48 ہزار 37 ٹیسٹ کئے گئے،24 گھنٹوں کے دوران 20 لاکھ 6 ہزار 247 افراد کو کرونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 20 کروڑ 8 لاکھ 87 ہزار 927 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں، 9 کروڑ 25 لاکھ 65 ہزار 125 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے جبکہ 36 لاکھ 10 ہزار 979 افراد بوسٹر ڈوز لگوا چکے ہیں۔ ملک کے 10 فیصد کرونا مثبت والے علاقوں سے پابندیاں اٹھالی گئی ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا پابندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ کم شرح والے شہروں میں 300 افراد کیساتھ ان ڈور تقریبات ہوسکیں گی۔ کم شرح والے شہروں میں آوٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد شریک ہوسکیں گے۔ 10 فیصد شرح والے شہروں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کو متبادل دنوں میں سکول جانے کی اجازت دی گئی ہے اور متعلقہ شہروں میں مکمل ویکسین شدہ افراد کو ان ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔ کم شرح والے علاقوں میں سنیما، مزارات مکمل ویکسین شدہ افراد کیلئے کھلے رہیں گے اور ان ڈور سپورٹس سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ گلگت، مظفرآباد، مردان، کراچی، حیدرآباد اور پشاور میں پابندیاں برقرار رہیں گی، دس فیصد سے زائد کرونا مثبت کیسز والے شہروں میں ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے سکولوں کے شیڈول کے حوالے سے اہم ٹویٹ کیا ہے جس کے مطابق آج 16 فروری 2022 بدھ سے لاہور اور راولپنڈی سمیت صوبے بھر کے تمام سکول عام شیڈول کے مطابق کھول دئیے جائیں گے۔ فیصلے کا اطلاق صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں پر ہو گا۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر ممکن یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ وزارت نیشنل ہیلتھ کے مطابق اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 3.24 ‘ لاہور 6.1 ‘ پشاور 6.34 ‘ راولپنڈی 5.03 اور کوئٹہ میں 2.07 فیصد ریکارڈ کی گئی۔