• news

مہنگائی سابقہ حکمرانوں کا تحفہ،آئندہ 10سال میں10نئے ڈیم بنا کر جائینگے:شاہ محمود


ملتان (نمائندہ نوائے وقت) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کوشناخت دیکر ان کی محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتی ہے۔پی پی ن لیگ اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟دونوں جماعتیں جنوبی پنجاب صوبے پر مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں اگر وہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے سنجیدہ ہیں تو آئیں اور آئینی ترمیم پر ہمارا ساتھ دیں۔  انہوں نے کہا مہنگائی سابقہ حکمرانوں کا دیا ہوا تحفہ ہے۔ اپوزیشن کے پاس ملکی ترقی کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ہم آئندہ دس سالوں میں دس نئے ڈیم بناکر جائیں گے تاکہ زراعت سے ملکی معیشت مظبوط ہوسکے۔  قومی خزانہ خالی‘ کمزور ملکی معیشت‘ 20ارب ڈالر کا قرضہ ورثہ میں ملا۔ قوم جوٹیکس ادا کررہی ہے۔ وہ ماضی کی حکومتوں کے چھوڑے گئے قرض کا سود ادا کرنے پرخرچ ہو رہا ہے۔ ملک کو معاشی بحران کے بھنور سے نکالیں گے اور معیشت کو مضبوط کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156 کی یونین کونسل 65 میں سابق وائس چیئرمین میاں سجاد انصاری کی اپنے ساتھیوں سمیت ن لیگ سے علیحدگی اختیار کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری‘ اظہر چاون‘ ڈاکٹر محمد ماجد‘ چودھری قادر‘ اکرم چاون‘ سید بابر شاہ‘ صابر انصاری سمیت پی ٹی آئی ورکروں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت خدمت خلق پر یقین رکھتی ہے۔ایک نئی سوچ کو متعارف کروانے اور ایک نئے نظام کی بنیاد رکھنے کیلئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ عوام کواپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔قبل ازیں الجیلان ٹاؤن سورج کنڈ روڈ ملتان میں واٹر سپلائی‘ سیوریج اور کارپٹ روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پی پی ن لیگ اپنے نظریہ سے ہٹ چکی ہیں امتحان آنے والا ہے۔ آج کل دائیں بائیں کی باتیں ہو رہی ہیں۔ دائیں بائیں ہونے والوں کو شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف خلوص نیت سے ملکی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ ماضی میں اپوزیشن میں رہنے کی وجہ سے میرے حلقے کو پسماندہ رکھا گیا۔ فنڈز نہ دیئے گئے۔اس موقع پر رانا عبدالجبار‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی‘ منور قریشی‘ شازیہ وحید ارایں‘ شیخ مظہر عباس‘شیخ طاہر‘ شیخ عاصم اعجاز‘ رانا سجاد حمید سمیت پی ٹی آئی ورکرز کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

ای پیپر-دی نیشن