عدم اعتماد کیلئے تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر آ رہی ہیں: پرویز اشرف
بھلوال (نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر و سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویزاشرف کی بھلوال آمد پر جیالوں کا پھولوں کی پتیاں نچھاورکرکے بھرپوراندازمیں استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سرگودھا کیلئے براستہ بھلوال آئے تھانہ چوک بھلوال،لاری اڈا پر پاکستان پیپلزپارٹی کے دیرینہ کارکن وجنرل سیکرٹری سٹی راؤ کاشف محی الدین، پیپلزیوتھ آرگنائزیشن کے جنرل سیکرٹری سید شاہجان اعجازشیرازی سمیت دیگر کارکنان نے بھرپور اندازمیں استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ 17 فروری کو مزار قائد سے احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے عدم اعتماد کیلئے تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر آ رہی ہیں ہماری عدم اعتماد کی تحریک کو عوام میں پذیرائی مل رہی ہے ہم نے ہر جگہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا ہم احتجاج کرتے رہے اور حکمران قیمتیں بڑھاتے رہے ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی بھلوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہمارے احتجاجی مارچ کا مقصد مہنگائی، بیروزگاری اور لاقانونیت کے خلاف عوام سے اظہار یکجہتی کرنا ہے ۔ مختصر دورے کے بعد سٹی جنرل سیکرٹری راؤ کاشف محی الدین کی زیر قیادت ریلی کے ساتھ سرگودھا کیلئے روانہ ہوگئے۔