ممتاز صحافی‘ کالم نویس‘ مصنف غلام اکبر انتقال کر گئے‘ قل آج ہونگے
لاہور (سٹی رپورٹر) صحافت کے افق پر نصف صدی سے زائد چھائے رہنے والے عظیم صحافی، سینئر کالم نویس، ناول نگار اور عہدساز رائٹر غلام اکبر انتقال کر گئے۔ مرحوم کو ایڈن ولاز کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم کے جنازے میں ملک بھر کی ممتاز شخصیات جن میں سیاسی، سماجی، تجارتی، سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کی رسم قل آج سہ پہر 4 بجے ایڈن پیلس، ولاز رائے ونڈ روڈ پر انکی رہائش گاہ مکان نمبر 15سٹریٹ نمبر 3پر ادا کی جائے گی۔ مرحوم معروف ایڈورٹائزنگ ایجنسی "میڈاس"کے بانی تھے۔ انکے صاحبزادے انعام اکبر، آفتاب اکبر اور ندیم اکبر نے ایڈورٹائزنگ کے شعبے میں بڑا نام کمایا۔ واضح رہے کہ غلام اکبر نے اپنے انکل اور معروف رائٹر نسیم حجازی کیساتھ روزنامہ کوہستان کی ادارت کے فرائض انتہائی خوبی سے نبھائے۔ کئی قومی اخبارات کے ایڈیٹر اور چیف ایڈیٹر رہے۔ کئی کتابیں لکھیں۔ اپنے اخبار نکالے۔ الاخبار اور ویکلی نیشنل ہیرالڈ ٹربیون کے چیف ایڈیٹر رہے۔ "آج کی بات" کے عنوان سے اپنے اخبار سمیت کئی قومی اخبارات میں کالم لکھتے رہے۔ غلام اکبر نوائے وقت میں بھی کالم لکھتے رہے۔ رواں ماہ کی 8 تاریخ کو ان کے کالم کی دھوم رہی۔ یوں غلام اکبر آخری دم تک صحافت کے افق پر چھائے رہے۔