• news

پٹرول مہنگا ہونے پر اشیا کی قمیتیں15 فیصد بڑھ گئیں


لاہور (احسن صدیق) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8.1 فیصد کے حالیہ اضافے کے بعد  کاروباری برادری نے  اشیاء کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 15 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں  6روپے اضافہ سے  قیمت  284روپے سے بڑھ کر 290روپے ہو گئی۔گھی اور کوکنگ آئل مینو فیکچررز نے درجہ دوم کوکنگ آئل  6 روپے لٹر اور درجہ اول کوکنگ آئل 20 روپے مہنگا کردیا گیا ہے۔  نئی قیمت 440 روپے لٹر ہوگئی ہے۔ گھی ڈیلرز نے بتایا ہے کہ گھی مینوفیکچررز نے16 کلو درجہ اول گھی اور 16 کلو درجہ سوم کے کنستر  کی قیمت میں 50 روپے اضافہ کر رہے ہیں جس کا اطلاق آج جمعرات سے ہو گا۔ 16درجہ اول گھی کے کنستر کی قیمت 6325روپے اور  آج سے 6375روپے ہو جائے گی۔ فلور مل مالکان نے  حکومت کا آگاہ کیا ہے کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 45 روپے اضافہ کیا جائے۔  نظر ثانی کر کے 20کلوآٹے کے تھیلے کی قیمت 1145 روپے مقرر کی جائے۔ گزشتہ روز پرچون سطح پر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ ایک کلو ٹماٹر  5 روپے اضافے سے 120 روپے، پالک دیسی  2روپے اضافے سے 37 روپے، گاجر دیسی 2روپے اضافے سے 36روپے ہو گئی۔ سیب کالا کولو میدانی دوئم کی قیمت اضافے سے 179روپے، انار قندھاری  220 روپے، بیر  3 روپے اضافے سے 88روپے، ایک درجن کینو سپیشل کی قیمت 5روپے اضافے سے 255روپے یو گئی۔

ای پیپر-دی نیشن