حکومت کی پالیسیوں سے ماضی کی نسبت ٹیکسٹائل شعبے میں ترقی ہوئی: عبدالرزاق داؤد
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ہماری حکومت آنے سے قبل کے 10 سال کا ریکارڈ دیکھیں تو گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں کوئی بہتری، نمو اور ترقی نہیں ہوئی تھی جبکہ ہماری حکومت کی پالیسیوں کے باعث بہتری نظر آنا شروع ہوچکی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ہم اپنے سرمایہ کاروں کو بہتر مسابقتی ماحول دینے کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان میں ٹیکسٹائل کا شعبہ بہتری کی جانب گامزن ہے، ٹیکسٹائل میں ہماری کارکردگی اچھی ہے، ٹیکسٹائل کے کم ویلیو ایڈڈ شعبے میں کاٹن یارن شامل ہے جس کی پیداوار میں ہم پانچویں نمبر پر ہیں، اس کے بعد فیبرک میں ہم دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ کاٹن کلاتھ میں بھی ہم دنیا میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ویلیو ایڈڈ شعبے کی بات کریں تو ہوم ٹیکسٹائل جیسے بیڈ شیٹس جیسی اشیاء میں ہم دنیا میں دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ تولیہ بنانے میں دنیا میں پاکستان کا نمبر تیسرا ہے، ہوزری مصنوعات میں پاکستان دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کپڑے بنانے میں ہمارا نمبر 17واں ہے، اس سال اس شعبے میں مزید بہتری آئے گی۔ مشیر تجارت نے کہا کہ یہ نمبرز ظاہر کرتے ہیں کہ ہماری سمت درست ہے اور ہماری معیشت صحیح راستے پر جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سالوں کے دوران پاکستان اس شعبے میں 10، 12 ارب کے درمیان کی مصنوعات پیدا کر رہا تھا جبکہ اس سال ہم 21 ارب کی مصنوعات پیدا کریں گے، جس کا مطلب ہے کہ صرف ٹیکسٹائل کے شعبے میں ہی کم از کم 6 ارب کا اضافہ ہوگا۔ اس سال ٹیکسٹائل کے شعبہ 26 فیصد مزید ترقی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ٹیکسٹائل پالیسی کا بنیادی اور انتہائی اہم مقصد سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو عالمی سطح کا مسابقتی ماحول دینا ہے تاکہ وہ اس شعبے میں دنیا کے دوسرے ممالک سے مقابلہ کر سکیں، یہ ہماری حکومت کا وعدہ ہے کہ ہم تاجر برادری کو عالمی منڈی میں مقابلے کے لیے مسابقتی قیمتیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خام مال کی درآمد پر ٹیکس ڈیوٹی کم کی تھی، اس سال بھی اس پالیسی کو برقرار رکھا جائے گا۔ مشیر تجارت نے کہا کہ کئی شعبوں میں چیلنجز کا سامنا ہے۔ یہ پاکستان کی کمزوری ہے کہ ہم پوری دنیا کے صرف 10 ملکوں میں اپنی 75 فیصد اشیاء برآمد کر رہے ہیں۔ اس شعبے میں پاکستان کے لیے ترقی کے بے پناہ مواقع ہیں، ٹیکسٹائل کے شعبے میں بہتری لاکر ہم ملک کے لیے قیمتی زر مبادلہ کما سکتے ہیں اور اس سلسلے میں ہماری تاجر برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔