• news

ٹریک اور ٹریس سسٹم سے محصولات بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: وزیر خزانہ 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے خزانہ شوکت ترین سے اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ ژی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے  پاکستان کو مدد فراہم کرنے میں اے ڈی بی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے موجودہ اقتصادی صورتحال کا جائزہ پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر خزانہ نے  بتایا کہ حکومت نے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے، ریٹیل سیلز کیپچرنگ، سنگل ونڈو آپریشنز کے ساتھ ساتھ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے ذریعے محصولات کی وصولی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ طارق ایچ نیازی، پبلک مینجمنٹ، فنانشل سیکٹر اینڈ ٹریڈ ڈویژن، اے ڈی بی نے اجلاس کو پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں بتایا اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا اے ڈی بی   پروگراموں کے کامیاب نفاذ کے لیے پاکستان کو مکمل تکنیکی مدد فراہم کر رہا ہے۔ طارق ایچ نیازی نے موجودہ حکومت کی طرف سے سماجی اور اقتصادی شعبوں میں بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات  شوکت ترین نے ڈیجیٹل پالیسی  اور ای کامرس سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ ای کامرس سینیٹر عون عباس بپی، سیکرٹری آئی ٹی پر ایس اے پی ایم اینڈ ٹیلی کام، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک، ممبران ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ سینیٹر عون عباس بپی نے اجلاس کو آئی ٹی کے شعبے میں درپیش مسائل خصوصاً فری لانس ورکرز اور آئی ٹی سے متعلق ترسیلات زر سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ  شوکت ترین نے کہا کہ حکومت ملک میں آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے اور آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح سے ورچوئل میٹنگ کی۔ اجلاس میں چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ  محمد اظفر احسن اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ دونوں ممالک نے زراعت،  کاروباری اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری نے مختلف شعبوں میں زیادہ سے زیادہ باہمی سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔

ای پیپر-دی نیشن