سپریم کورٹ: مونال ریسٹورنٹ اپیل پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے مارگلہ ہلز پر قائم مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر تے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت عظمی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا مذکورہ فیصلہ معطل کرنے کی مونال ریسٹورنٹ کے وکیل کی استدعا مسترد کر دی ۔ بدھ کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل تین رکنی بینچ نیمونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف دائر اپیل پر سماعت کی ۔ دوران سماعت مونال ریسٹورنٹ کے وکیل مخدوم علی خان نے موقف اپنایا کہ سی ڈی اے اور مونال کا تنازع سول عدالت میں زیر التواہے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقدمہ زیر التوا ہونے کے باوجود فیصلہ سنا دیا،سی ڈی اے نے ہائیکورٹ کے تحریری حکم سے پہلے ہی مونال کو سیل کر دیا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا مذکورہ فیصلہ معطل کیا جائے ۔ جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ جو کچھ ہو چکا ہے اسے فی الحال واپس نہیں کر سکتے۔