• news

قومی یکجہتی‘ امن اور اتحاد سے پاکستان خوشحال ہو گا: عبدالخبیر آزاد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جامعہ سلفیہ فیصل آباد کے زیر اہتمام عظیم الشان اتحاد بین المسلمین سیمینار منعقد کیا گیا۔ مہمان خصوصی سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور چیئرمین مجلس علماء پاکستا ن تھے۔ اتحاد بین المسلمین سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا اسلام کا پیغام امن اتحاد اور یکجہتی ہے۔ اسلام کے پیغام پر عمل کر کے نا قابل تسخیر قوت بنا جا سکتا ہے۔ مولانا آزاد نے کہا کہ قومی یکجہتی امن اور اتحاد ہی سے پاکستان خوشحال ہو گا، ہم پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کے لیے قوم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا چاہتے ہیں، ہمارا دشمن بھارت پاکستان میں انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔ انڈیا اور مودی کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام و مشائخ عظام اپنی صفوں میں انتشار پید اکرنے والے شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہم سانحہ سیالکوٹ، سانحہ پشاور، سانحہ تلمبہ و دیگر واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مولانا آزاد نے تمام مکاتب فکرکے علماء کرام و مشائخ عظام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں امن، رواداری، اتحاد اور برداشت کو اپنے خطبات کا موضوع بنائیں۔ تمام مکاتب فکر کے علماء  کا تعاون حکومت،افواج پاکستان، تمام سکیورٹی اداروں اور پولیس و انتظامیہ کے ساتھ ہے۔ اتحاد بین المسلمین سیمینار سے مولانا محمد یاسین ظفر‘ مولانا زاہد محمود قاسمی، مولانا محمد یوسف انور، علامہ ریاض کھرل، مولانا عزیز الحسن، میاں محمد بلال طارق و دیگر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام اور سیاسی و سماجی رہنما شریک تھے۔

ای پیپر-دی نیشن