پی ایس ایل : شائقین کی 100فیصد آمد پر سکیورٹی مزید سخت
لاہور(نامہ نگار)پاکستان سپر لیگ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیزن سیون کے صوبائی دارلحکومت میں جاری میچز میں شائقین کی سو فیصد آمد کے حکومتی فیصلے کے بعد لاہور پولیس نے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان میچ کے دوران سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان، ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ اور پولیس و انتظامیہ کے سینئر افسران کے ہمراہ قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظاماے کا جائزہ لیا۔ سی سی پی او لاہور نے ڈی سی لاہور اور دیگر افسران کے ہمراہ شائقین کیلئے شروع کی گئی شٹل بس سروس میں سفر کرکے سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سٹیڈیم میں انکلوژر کا بھی دورہ کیا جہاں شائقین نے محفوظ ماحول میں ورلڈ کلاس کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنے پر انہیں دیکھ کر پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔