• news

اترپردیش : پولیس کا با حجاب خواتین پر لاٹھیوں سے تشدد ، بہار اسمبلی میں ’’وندے ماترم ‘‘ گانے سے انکار 

غازی آباد / نئی دہلی (آئی این پی+ اے پی پی) بھارتی پولیس کی جانب سے باحجاب خواتین پر ڈنڈے برسانے کی ویڈیو سامنے آ ئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے حجاب پر پابندی کے خلاف مظاہرہ کرتی خواتین پر تشدد کا واقعہ اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں پیش آیا۔ ویڈیو میں چند ایک خواتین کو بہادری کے ساتھ بھارتی پولیس اہلکاروں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ بھارتی پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ کرناٹک کی ہائی کورٹ میں حجاب پر پابندی کیس کی سماعت ہوئی۔ مسلم طالبات کے وکیل روی ورما کمار نے کہا کہ بھارت میں مسلم طالبات کے ساتھ امتیازی سلوک واضح طور پر مذہب کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ لوگ روزانہ سینکڑوں مذہبی علامات جیسے گھونگٹ، چوڑیاں، پگڑی، صلیب پہنتے ہیں تو بھارتی  حکومت صرف حجاب کا انتخاب کر کے امتیازی سلوک کیوں کر رہی ہے۔ صرف مذہب کی وجہ سے غریب مسلم لڑکیوں کو کلاس سے باہر بھیجا جا رہا ہے۔ تلک لگانے اور چوڑی پہننے والی عیسائی لڑکیوں کو کلاسوں سے نہیں نکالا جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آئین کے آرٹیکل 15  کی خلاف ورزی اور مسلم دشمنی پر مبنی امتیازی سلوک ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ارکان اسمبلی نے بہار اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس کے دوران ''وندے ماترم''  گانے سے انکار کر دیا ہے۔ اسمبلی کے رکن اختر الامام نے کہا  25 فروری سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس میں بھی ایسا ہی کریں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اسمبلی کی کارروائی میں شامل قومی ترانے کو نکالنے کا فیصلہ کرے۔ مسلم طالبات کے وکیل ایڈووکیٹ ونود کلکرنی نے کہا کہ حجاب پر پابندی مسلمان لڑکیوں کی ذہنی صحت کو متاثر کر رہی ہے۔ عدالت حجاب پر پابندی کے عبوری حکم میں آج جمعہ کے روز کیلئے نرمی کرے۔ حکومتی وکیل نے اپنے دلائل کیلئے عدالت سے مزید وقت مانگ لیا۔ کیس کی سماعت آج دوبارہ ہو گی۔ بھارت میں کرناٹک کے بعد دیگر بھارتی ریاستوں میں بھی حجاب مخالف مہم شروع ہو گئی۔ علی گڑھ کے ڈی سی کالج کے باہر سکارف کیساتھ انٹری پر پابندی کا نوٹس لگ گیا۔ کرناٹک میں شدید احتجاج کے بعد حجاب کے ساتھ امتحان دینے کی اجازت دیدی گئی۔ کرناٹک کے پرائمری سکولوں میں بچیوں کے سکارف پر پابندی عائد کر دی گئی۔ بھارتی پولیس باحجاب طالبات کو گرفتار کرنے کی دھمکیاں دینے لگی۔

ای پیپر-دی نیشن