• news

 اپوزیشن کی ممکنہ تحریک عدم اعتماد، وفاقی حکومت نے حکمت عملی طے کر لی

اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی ممکنہ تحریک عدم اعتمادکے خلاف حکمت عملی طے کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے تحریک عدم اعتماد کے خلاف حکمت عملی کے طور پر اتحادی جماعتوں کو خوش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں سے کئے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے اور اتحادی جماعتوں کے گلے شکوے اور تحفظات فوری طور پر دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے قریبی رفقا سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے پاس پہلے سے دو وفاقی وزارتیں موجود ہیں تاہم ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ کابینہ میں ان کے کوٹے میں صرف امین الحق کو وزارت دی گئی ہے جب کہ بیرسٹر فروغ نسیم وزیراعظم عمران خان کا انتخاب ہیں اور ان کے کوٹے سے وزیر ہیں اس لئے ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں بھی مزید وزارت دی جائے۔ ذرائع کے مطابق اگر ایم کیو ایم کو کابینہ میں مزید نمائندگی دی گئی تو ممکنہ طور پر فیصل سبزواری وفاقی کابینہ کا حصہ بنیں گے اور انہیں وزیرمملکت کا عہدہ دیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جی ڈی اے کے قومی اسمبلی کے ایوان میں تین ارکان ہیں اور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا جی ڈی اے کے کوٹے سے ہی وفاقی وزیر ہیں۔ ذرائع کے مطابق جی ڈی اے بھی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی بجائے غوث بخش مہر کو وزارت دلوانا چاہتے ہیں اس لئے جی ڈی اے کی وفاقی کابینہ میں نمائندگی بھی تبدیل ہو سکتی ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے پاس اس وقت دو وزارتیں موجود ہیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مسلم لیگ (ق) کو پنجاب میں وزارت نہ دی گئی تو مرکز میں چودھری سالک حسین کو وزیرمملکت کا عہدہ بھی دیا جا سکتا ہے۔ حکومتی اتحادیوں میں اہم جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس بھی مرکز میں ایک وفاقی وزارت زبیدہ جلال کے پاس ہے جب کہ چیئرمین سینیٹ بھی اسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں لیکن اس جماعت نے بھی حکومت سے مزید وزارت کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 55 ہے جن میں سے 28وفاقی وزیر ہیں، 4وزرائے مملکت، 4 مشیر جب کہ 19 معاون خصوصی ہیں۔
حکمت عملی طے

ای پیپر-دی نیشن