فیصل واوڈا کی نااہلی سپریم کورٹ میں چیلنج، پی پی کے نثار کھوڑو امیدوار نامزد
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کی تاحیات نا اہلی کے بعد سینٹ میں خالی ہونے والی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبائی صدر نثار کھوڑو کو امیدوار نامزد کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نثار کھوڑو کو خالی نشست پر فارم جمع کروانے کے احکامات پارٹی قیادت سے مل گئے ہیں، وہ صوبائی الیکشن کمشن سے نامزدگی فارم حاصل کریں گے۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو کا تعلق لاڑکانہ سے ہے، کھوڑو 7 بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں، وہ سپیکر سندھ اسمبلی سمیت مختلف محکموں کے وزیر اور مشیر بھی رہ چکے ہیں۔ الیکشن کمشن سینٹ کی خالی نشست پر 9 مارچ کو الیکشن کروائے گا۔ دوسری طرف فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ سابق سینیٹر نے الیکشن کمشن اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمشن کو تاحیات نا اہل کرنے کا اختیار نہیں تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے عجلت میں اپیل خارج کی۔
نااہلی چیلنج