جماعت اسلامی کا گوجرانوالہ دھرنا کئی شہروں میں مظاہرے اب حقیقی تبدیلی آئیگی سراج الحق
لاہور/اسلام آباد/ گوجرانوالہ/حافظ آباد(خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ علاقائی نمائندوں سے) پٹرول کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر منصورہ ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد اور امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد نے کی۔ حافظ ذوالنون، زاہد چشتی، رضوان یوسف سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے یہاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 روپے پٹرول کی قیمت میں ہوشربا اضافہ قوم کا خون نچوڑنے کے مترادف ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی اور سٹیٹ بنک کی خودمختاری کے اثرات قوم کے سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ فراہمی بھی مشکل تر ہوتی جارہی ہے۔ نااہل حکمرانوں نے قوم کا وقت ضائع کیا اور تباہ کن معاشی پالیسیاں تشکیل دیں جن کے باعث ملک اور قوم شدید مشکلات و پریشانی کا شکار ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے گوجرانوالہ میں احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہی پاکستان کے 22کروڑ عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔ عوام نے دیکھ لیا کیسے تبدیلی سرکار نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی گوجرانوالہ مظہر اقبال رندھاوا، بلال قدرت بٹ، محمد فاروق چوہان ، فرقان عزیز بٹ و دیگر بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت میں ملکی کرنسی کی قدر 53 فیصد کم ہو گئی۔ گوجرانوالہ میں احتجاجی دھرنے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ آج میرے سامنے پہلوانوں کا سمندر موجود ہے\ یہاں ماؤں بہنوں کی موجودگی ثبوت ہے کہ اب حقیقی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں صرف ایک سیاسی ورکر نہیں میں اسلامی نظام کا علمبردار ہوں۔ شرعی نظام آئے گا ہر کسی کو اس کا حق ملے گا۔ آج اس ملک میں مسائل کی بنیادی وجہ اللہ کے نظام کا نہ ہونا ہے۔ عمران خان نے عوام کے ساتھ کیا کوئی بھی وعدہ نہیں نبھایا جبکہ ماہرین معاشیات کہتے ہیں سقوط ڈھاکہ کے بعد سب سے بڑا نقصان ہوا ہے۔ سراج الحق نے بھی کہا کہ عمران خان نے آنکھیں بند کرکے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری پر دستخط کئے۔ پٹرول 160 روپے لٹر ہو گیا ہے۔ فیصل آباد ،بہاولپور ،گجرات اور شیخوپورہ میں بھی بھرپور دھرنے ہوئے۔ ملک کے مختلف شہروں میں 100 دھرنوں کے بعد جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب سے فیصلہ کن مارچ کرے گی اور 101 واں دھرنا دے گی۔ حافظ آباد سے نمائندہ خصوصی، نامہ نگار کے مطابق جماعت اسلامی نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، تیل کی قیمت میں 12 روپے لٹر اضافہ کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت ڈاکٹر محمد یاسین انصاری، امان اللہ چٹھہ اور محمد حنیف گوندل نے کی۔ اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دس مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
مظاہرے