کرکٹ کھیل یا عذاب، پی سی بی فیصلہ کرے
پاکستان میں کرکٹ کی سرگرمیوں کا آغاز بہت خوش آئند ہے چند روز میں 24سال بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر آرہی ہے۔ یہ بھی بہت بڑی سرگرمی ہوگی۔لیکن اس وقت پی ایس ایل کے میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہورہے ہیں۔ ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سٹیڈیم آمدروفت کے باعث اہل لاہور فیروز پور روڈ،جیل روڈ،وحدت روڈ،مال روڈ،کینال روڈ بند ہونے سے شدید کرب کی کیفیت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ٹریفک بندش پر گاڑیوں میں محصور ہونے سے عوام ذہنی اذیت میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔اورنوبت ایک دوسرے سے جھگڑوں پر اتر آئی ہے۔لوگ ٹریفک پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں سے بھی الجھ رہے ہیں۔ایک طرح سے شہرمیں چو مکھی لڑائی ہورہی ہے۔ ہم پی سی بی کے چیئر مین رمیض راجہ صاحب،گورننگ باڈی کے ممبران،چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حکومت پنجاب سمیت تمام ذمہ داران سے التماس کرتے ہیںکہ شہریوں کے اس مسئلے کی جانب فی الفور توجہ دیں۔ اب لاہور شہر میں ٹریفک کا اژدھام بڑھ چکا ہے۔ قومی ،بین الاقوامی کرکٹ میچز ،فٹبال، ہاکی اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں ،آفیشلز اور دیگر سٹاف کے لیے سٹیڈیم کے قریب ہی ہوٹل بنانے کی منظوری دی جائے تاکہ شہری ٹریفک جام ہونے کے عذاب سے محفوظ رہ کرکرکٹ کے کھیل سے محظوظ ہوسکیں۔ ´(چوہدری فرحان شوکت ہنجرا)