ٹورنامنٹ جیتنا خواہش ضرور‘نتائج کسی کے بس میںنہیںہوتے : ثمین رانا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی میں ایک اچھے قائد کی تمام خوبیاں موجود ہیں۔ جن لوگوں نے شاہین کو کپتان بنانے پر تنقید کی وہ فاسٹ باؤلر کی صلاحیتوں سے واقف نہیں ہیں۔ شاہین آفریدی کئی برس سے ہمارے ساتھ ہیں ہم انہیں مسلسل اور بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں اس دوران ہم نے شاہین آفریدی کو ایک ذمہ دار اور کھیل کی بہتر سمجھ بوجھ رکھنے والا کرکٹر پایا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں شاہین آفریدی کو کپتان بنایا گیا۔ آج سب دیکھ رہے ہیں کہ وہ بہترین انداز میں قلندرز کی قیادت کر رہے ہیں۔ کراچی کے بعد لاہور میں ٹیم نے بہترین کرکٹ کھیلی ہے۔ نئے کپتان نے ناتجربہ کار کھلاڑیوں کو اعتماد دیا اور ان سے بہتر انداز میں کام لیا۔ زمان خان کی مثال سب کے سامنے ہے۔ ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز عاقب جاوید پر بھی بہت تنقید ہوتی رہی ہے لیکن دور سے دیکھنے والے حقائق سے ناواقف ہوتے ہیں‘ عاقب جاوید بہت کام کرتے ہیں اور وہ پاکستان کے چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لا رہے ہیں۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ہمارا ہدف صرف اور صرف سال بعد پاکستان سپر لیگ میں شرکت نہیں بلکہ سارا سال نوجوانوںکیلئے کام کرنا ہے۔ ہم میچ ضرور ہارتے رہے لیکن ہمت نہیں ہاری اور آج دنیا نتائج دیکھ رہی ہے۔ ناصرف ملک کے چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لا رہے ہیں بلکہ ملکی کرکٹ میں نئے رجحانات کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔ اب تک کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے۔ ٹورنامنٹ جیتنا خواہش ضرور ہے لیکن نتائج کسی کے بس میں نہیں ہوتے۔ فخر زمان بہت اچھا کھیل رہے ہیں ۔ حارث رؤف بھی بہت عمدہ باؤلنگ کر رہے ہیں جبکہ راشد خان نے سپن باؤلنگ میں اپنا کردار بہترین انداز نیں نبھایا ہے۔