اپوزیشن مسترد ٹولہ ،عدم کا شوق پورا کر لے:شاہ محمود
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن مایوس اور مسترد شدہ سیاست دانوں کا ٹولہ ہے جو انتشار کی سیاست کر رہی ہے۔ 2018ء سے لیکر اب تک حکومت گرانے کی بارہا کوششیں کی گئیں انہیں ناکامی ہوئی۔ اب اگر عدم اعتماد کا کھیل کھیلنا چاہتے ہیں تو اپنا شوق پورا کریں۔ اپوزیشن کے پاس اگر ووٹ پورے ہوتے تو وہ حکومت کرتے۔کیونکہ ان کے پاس ووٹ پورے نہیں ہیں لہذا وہ دائیں بائیں دیکھ رہے ہیں۔ دائیں بائیں دیکھنے والوں کو ناکامی ہوگی۔ حکومتی کارکردگی کی بنا پر کہہ رہا ہوں 2023ء کا سال بھی تحریک انصاف کا سال ہے۔ اپوزیشن کو 2023ء میں بھی مایوسی ہوگی۔ اگلی بار ی پھر ہماری ہے۔ ملک درست سمت پر جا رہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان ملک کا وقار بلند اور پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ نیت درست‘ خلوص اور ایمانداری سے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں۔ قوم ساتھ دے ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے ملتان میں این ا ے 156 کی یونین کونسلوں 43‘47‘65 میں تقریبات سے خطاب‘ وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ا نہوں نے کہا پی پی ن لیگ دونوں جماعتوں نے 40سال تک اقتدار کے مزے لوٹے۔ وزیراعظم آفس چور‘ لٹیرے کو این آر او نہیں دینگے‘ مہنگائی کا جن قابو کیا جائے گا۔