ٹام کو ہلر کیڈ مور شر فین ردر فورڈ راشد خان بھی وطن واپس
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ سیون کے دوسرے مرحلے میں آج دو میچ کھیلے جائیں گے۔پہلے میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں دن اڑھائی بجے قذافی سٹیڈیم میں مد مقابل ہونگی۔ دوسرا میچ ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے درمیان شام ساڑھے سات بجے کھیلا جائیگا۔ کل ایک میچ کھیلا جائے گا۔ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں شام ساڑھے سات بجے مد مقابل ہونگی ۔ پشاور زلمی میں شامل دو غیر ملکی کھلاڑی لیگ کے آئندہ میچوں سے دستبردار ہوگئے۔پشاور زلمی کے بقیہ میچوں میں ٹام کوہلر کیڈمور اور شرفین ردرفورڈ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ٹام کوہلر کیڈمور انجری کی وجہ سے جبکہ شرفین ردرفورڈ ذاتی مصروفیات کے باعث لیگ سے باہر ہوئے، دونوں کھلاڑی وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے بیٹنگ آل راؤنڈر بینی ہوول نے بطور متبادل کھلاڑی پشاور زلمی کو جوائن کیا ہے۔ لاہور قلندرز میں شامل افغان لیگ سپنر راشد خان ایونٹ میں آخری میچ کھیلنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں ۔ ترجمان لاہور قلندرز کا کہنا ہے کہ راشد خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ کھیلا جس کے بعد وہ افغانستان روانہ ہوگئے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ راشد خان نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے پی ایس ایل میں مزید دستیاب نہیں ہوں گے اور ان کے متبادل کے طور پر فواد احمد پہلے ہی لاہور قلندرز کو جوائن کرچکے ہیں۔افغانستان کی ٹیم بنگلہ دیش کے دورے پر ہے اور راشد خان اس دورے کیلئے ٹیم کو جوائن کریں گے۔