شمالی وزیرستان لکی مروت میں آپریشن 5دہشتگرد ہلاک 3گرفتار سپاہی شہید
اسلام آباد+ پشاور ( خبر نگارخصوصی +بیورو رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں حبیب نواز عرف شکیل، وحید اللہ اور محمد اللہ شامل ہیں۔ دہشت گردوں سے سب مشین گنز، دستی بم اور اسلحہ و گولہ بارود، رائونڈز برآمد کرلئے گئے۔ سپاہی بشیر دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگیا، 28 سالہ بشیر کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔ دوسری جانب حساس اداروں اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں 20 من دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق لکی مروت کے علاقے شاہ حسن خیل میں حساس اداروں کی اطلاع پر غیرقانونی دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی کے لئے آپریشن کیا گیا، جس میں ناقابل یقین طور پر 20 من دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ حکام نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دھماکوں میں استعمال ہونے والے 157 ڈیٹونیٹر اور 11 سو میٹر فیوز بھی برآمد ہوئے ہیں۔ غیرمجاز دھماکا خیزمواد سے بھرے گوداموں سے موقع پر موجود 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جبکہ مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان میں نور الامین ساکن باڑہ، گل نواز ساکن سوات اور رحمان اللہ ساکن درہ آدم خیل شامل ہیں۔ مزید برآں کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ پشاور نے عالمی کالعدم دہشت گرد تنظیم داعش کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے ہینڈگرینیڈز و اسلحہ ایمونیشن برآمدکرلیا۔ خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ چند دہشت گرد ضلع خیبر سے ضلع پشاور میں دہشت گردانہ کاروائی کی غرض سے منتقل ہورہے ہیں۔ دریافت پر اپنا نام عبدالواحد ولد لعل سید سکنہ محلہ گڑھی ولی سوڑیزئی میرہ پشاور جبکہ دوسرے نے اپنا نام حضرت خان ولد زرنور سید ساکن سروشاہ امبار اتمان خیل تحصیل یکہ غنڈ ضلع مہمند بتلایا۔
دہشت گر د ہلاک