• news

ملک مہنگا یا سستا وزیر خزانہ موازنہ کی بجائے مہنگائی کم کریں 

تجزیہ: محمد اکرم چودھری
وزیر خزانہ شوکت ترین مہنگائی سے ستائے شہریوں پر رحم کریں، پاکستان ایک سو انتالیس ممالک سے مہنگا ملک ہے یا سستا، توانائیاں، وقت اور وسائل اس موازنے، دلیل یا بحث میں دوسروں کو نیچا دکھانے کے بجائے مہنگائی سے بدحال عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ معزز وزیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین کہتے ہیں کہ "ریٹنگ ایجنسی نمبو کی فہرست کے مطابق پاکستان دنیا کے ایک سو انتالیس ممالک میں سب سے کم مہنگا ملک ہے"۔ اگر اس دلیل کو درست مان لیا جائے، یقیناً ریٹنگ ایجنسی نے بھی فہرست تیار کرتے ہوئے بہت محنت کی ہو گی، تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لینے کے بعد فہرست جاری کی ہو گی جسے وفاقی وزیر خزانہ اور وزارت خزانہ بڑے فخر کے ساتھ لوگوں کے سامنے رکھ رہی ہے۔ وزیر خزانہ اور ان کی وزارت قوم کے علم میں اضافے کے لیے ان ایک سو انتالیس ممالک میں شہریوں کو حاصل سہولیات کی تفصیل بھی لکھیں، اگر تو سہولیات بھی پاکستان سے ملتی جلتی ہیں پھر تو واقعی بہت بڑی کامیابی ہے اور واقعی پاکستان ترقی کر رہا ہے۔ لیکن اگر ایسا نہیں ہے تو پھر ایسے موازنے مہنگائی کے ستائے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ حکومت نے ایک صحت کارڈ منصوبہ شروع کیا ہے۔ پرائیویٹ ہسپتالوں میں اس کے کتنے مسائل ہیں اس بارے شاید ابھی تک حکومت کے پاس تفصیلات نہیں پہنچیں۔ پاکستان سستا ملک ہو گا لیکن کیا بیس ہزار کمانے والا اچھی زندگی گذار سکتا ہے، کیا چالیس ہزار ماہانہ کمانے والے کو ادھار کی ضرورت نہیں پڑتی، کیا ساٹھ ہزار ماہانہ کمانے والا اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دے سکتا ہے، کیا ستر ہزار ماہانہ کمانے والے کو دس پندرہ ہزار کے ٹیسٹ کروانا پڑیں تو اسے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ وزیر خزانہ صاحب آپ کے اعدادوشمار بالکل درست ہوں گے لیکن حقائق کچھ اور ہیں۔ پاکستان کا ہر شہری سوائے تین چار فیصد کے اپنا ہر کام خود کرتا ہے۔ ریاست شہریوں کے لیے وہ نہیں کرتی جو سہولیات ان ممالک میں شہریوں کو حاصل ہیں جن کی فہرست آپ نے شیئر کی ہے۔ خدارا لوگوں کو مہنگائی میں پیسنے  کے بعد ان پر ذہنی تشدد تو نہ کریں، کچھ رحم کریں۔ کتنے فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، کتنے فیصد ایسے ہیں جنہیں مناسب خوراک نہیں ملتی، کپڑے نہیں ملتے، تعلیم نہیں ملتی، صحت کی سہولیات نہیں ملتیں۔ لیکن پھر بھی پاکستان سستا ملک ہے۔ اگر ملک سستا ہے تو ان سہولیات کی عدم فراہمی کا ذمہ دار کون ہے۔ ایک رپورٹ اس حوالے سے ضرور عوام کے سامنے رکھیں۔
تجزیہ

ای پیپر-دی نیشن