• news

عامر خان باکسنگ مقابلہ کیل بروک سے ہار گئے ‘ریٹائرمنٹ پر غور

لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اہم فائٹ ہار گئے، حریف کیل بروک نے عامر خان کو ناک آئوٹ کردیا۔12 رائونڈز پر مشتمل فائٹ چھٹے رائونڈز میں ختم کرنا پڑگئی۔ عامر خان نے کہا کہ انہوں نے میچ سے پہلے ٹریننگ کیلئے بہت محنت کی لیکن شاید کچھ کمی رہ گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ کیل بروک نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ زبردست سپورٹ پر شائقین کے شکرگزار ہیں۔ اب وہ باکسنگ کیریئر کا فیصلہ خاندان کے ساتھ بیٹھ کر کریں گے۔ فیملی والا بندہ ہوں، اپنی فیملی کو وقت دینا چاہتا ہوں۔بچوں کو سکول لے کر جانا چاہتا ہوں، اور جو پیسے اب تک کمائے ہیں اْنھیں خود پر اب خرچ کرنا چاہتا ہوں۔ ہار کا کوئی جواز پیش نہیں کر سکتا، میری ٹیم نے میری بہترین ٹریننگ کی اور جو ممکن تھا وہ کیا، میں نے پہلے بھی کیل بروک کو فائٹ کرتے دیکھا، مگر آج والی پرفارمنس کی توقع نہیں تھی۔کیل بروک نے بہت اچھی تیاری کی ہوئی تھی، جو اچھا لڑا وہی جیتا، فینز کو اچھی فائٹ دیکھنے کو ملی، میں ردھم میں نہ آ سکا، بہت کوشش کی لیکن ردھم بن ہی نہ سکا، کسی کو بھی اپنے سوا شکست کا ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتا۔ کیل بروک نے فائٹ جیتنے کے بعد کہا کہ یہ فائٹ لمبے عرصے سے ہونے کی منتظر تھی، عامر خان اچھے باکسر ہیں تب ہی وہ دو بار ورلڈ چیمپئن رہے، لیکن میں اْن سے زیادہ بہتر تھا اس لیے جیت گیا۔لوگ مجھ سے اس مقابلے کے بارے میں پوچھتے تھے کہ کب عامر خان سے مد مقابل ہو گے، مجھے اس فائٹ میں فتح کے حوالے اب لوگ یاد رکھیں گے، عامر خان مجھے بہت آسان حریف لگے، میں پہلے ہی راؤنڈ میں اْن پر حاوی ہو گیا تھا، وہ مجھے بار بار دھکے دے رہے تھے بچنے کیلئے۔کیل بروک نے بھی کہا کہ میں بھی  فیملی کے ساتھ بیٹھ کر کیریئر کا فیصلہ کروں گا، آج میں خود کو 23 سال کا محسوس کر رہا ہوں۔عامر خان نے کہا کہ میں کبھی نہیں چاہتا کہ باکسنگ مجھے ریٹائر کرے، میں باکسنگ سے ریٹائر ہونا چاہتا ہوں۔کبھی کبھی باکسنگ میں اس طرح کی مار پڑتی ہے، میں جانتا ہوں کہ میں نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا اور کچھ بڑے شاٹس آزمائے لیکن بعض اوقات اس طرح کے شاٹس مستقبل کیلئے نقصان دہ ہوسکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن