یوکرائن سے آنیوالے 3 تخریب کار ہلاک کردیئے ، روس : پیوٹن ، جوبائیڈن ملاقات پر اتفاق
کیف‘ ماسکو‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) امریکی صدر جو بائیڈن اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرائن تنازعہ کے حل کے لئے سربراہی اجلاس کے انعقاد پر اصولی اتفاق کیا ہے۔ اس اجلاس کی تیاریاں جمعرات کو شروع ہوں گی۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی سرکاری رہائش گاہ ایلیزے پیلس کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا میکرون نے امریکی اور روسی صدور کی ملاقات کی تجویز دی تھی۔ روس نے یوکرائن سے آنے والے 5 تخریب کاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ترجمان روسی فوج نے کہا ہے کہ بارڈر پار کرنے والے تخریب کاروں کو جھڑپوں میں ہلاک کیا گیا۔ روس میں امریکی سفارتخانے نے عوامی مقامات اور یوکرائن کے ساتھ سرحد پر ممکنہ حملوں سے متعلق وارننگ دیتے ہوئے اپنے شہریوں کو روس چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔ یوکرائن میں بھارتی سفارتخانے نے اپنے شہریوں اور طلبا کو عارضی طور پر یوکرائن چھوڑنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں ایک روز کے وقفہ سے آج 22 فروری سے 3 پروازیں چلائی جائیں گی۔ ایئر انڈیا کی یہ پروازیں 22، 24اور 26فروری کو چلائی جائیں گی۔روس نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین کی سکیورٹی فورسز نے راکٹ چلا کر سرحدی تنصیبات کو تباہ کر دیا ہے۔ تاہم یوکرین نے روس کا دعوی مسترد کر دیا اور کہا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔