روس یوکرین تنازعہ: پاکستان میں مہنگائی مزید بڑھنے کا اندیشہ
کراچی(کامرس رپورٹر) کرونا کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ امریکا میں افراطِ زر کی شرح ساڑھے 7 فیصد تک پہنچ گئی ۔پاکستان میں مہنگائی کی شرح 13فیصد کو عبور کر چکی ہے، اب مہنگائی میں مزید اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس کی وجہ روس یوکرین تنازعہ ہے۔ممکنہ جنگ کے خطرے کے پیش نظر مختلف ممالک سپلائی متاثر ہونے کے ڈر سے اشیاء کا ذخیرہ کرنے لگے ہیں۔ جس کے نتیجے میں اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔گاڑیوں کے لیے چپس کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے کیوں کہ چپس کے لیے خام مال ( نیون اور پیلاڈیم ) روس اور یوکرین فراہم کرتے ہیں۔یوکرین سے اس بار پاکستان نے اپنی ضروریات کی 40 فیصد گندم درآمد کی ہے۔ یوکرین میں کوئی بھی بحران پاکستان میں گندم کی قلت کو جنم دے سکتا ہے۔ جس کے نتیجے میں گندم ، آٹے اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوجائے گا۔