پاکستان ایٹمی قوت،مدد کرے،یوکرائنی سفیر ،ماسکو نے امن معاہدہ ختم کر دیا:امریکہ برطانیہ کی روس پر پابندیاں
اسلام آباد‘ کیف‘ ماسکو‘ برسلز (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) یوکرائن نے روس سے تنازع پر پاکستان سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ یوکرائنی سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان یوکرائن پر روسی حملے کے پیش نظر ہماری مدد کرے تاکہ ہم روس کی جارحیت کے خلاف کامیاب ہو سکیں۔ پاکستان میں یوکرائن کے سفیر مارکیان چوچک نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہم روسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے کردار ادا کرنے کی درخواست کرتے کہا کہ پاکستان مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور وزیراعظم عمران خان دورہ روس میں روسی قیادت کے ساتھ معاملہ اٹھائیں‘ پاکستان جوہری طاقت ہے اسے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ادھر یوکرائن نے روس سے اپنا سفیر مشاورت کیلئے واپس بلا لیا۔ چین نے یوکرائن کے بحران میں مزید اضافہ سے بچنے کے لیے سفارتی حل پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں چین کے مندوب ژانگ جون نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران کہا کہ یوکرائن کے بحران میں مزید اضافہ سے بچنے کے لیے تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے مشرقی یوکرائن کے علاقوں ڈونیسک اور لوہانسک میں فوج بھیجنے کے روسی صدر کے بیان کو بکواس اور احمقانہ فیصلہ قرار دیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل مزید مہنگا ہو گیا۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 100 ڈالر کے قریب پہنچ گئی ہیں اور لندن برینٹ خام تیل 99 ڈالر کی سطح عبور کر گیا ہے۔ یورپ میں گیس بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ قطر نے اپنی گیس برآمدات کا رخ موڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ یوکرائن کے وزیر دفاع نے اپنے فوجیوں کو جنگ کے لئے تیار رہنے کا حکم دے دیا۔ اولیکسی ریزنیکوف نے وزارت دفاع کی ویب سائٹ پر جذباتی پیغام پوسٹ کیا۔ فوجیوں کو کہا کہ وہ جنگ کے لئے تیار رہیں‘ مشکلات ہوں گی۔ نقصانات ہوں گے‘ ہمیں درد کو برداشت کرنا ہو گا‘ ہمیں خوف اور مایوسی پر قابو پانا ہو گا‘ روس کے خلاف یقینی فتح ہو گی۔ شام نے یوکرائنی علاقوں کی آزاد حیثیت تسلیم کرنے کے روسی فیصلے کی حمایت کی ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یوکرائن کی صورتحال پر پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا ہے کہ روسی افواج کی تعیناتی یوکرائن پر حملے کے مترادف ہے۔ برطانیہ نے 5 روسی بنکوں اور تین ارب پتی شخصیات پر پابندیاں لگانے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم بورس جانسن نے کہا مزید پابندیاں بھی لگائی جا سکتی ہیں۔ برطانیہ کی آخری لمحے تک بحران کا سفارتی حل نکالنے کی کوشش ہو گی۔ روس نے یوکرائن سے منسک معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ منسک امن معاہدہ پورا کرنے کیلئے کچھ نہیں بچا‘ معاہدہ ختم ہونے کا ذمہ دار خود یوکرائن ہے۔ یوکرائن کو غیر مسلح کیا جانا چاہئے۔ میں نے یہ نہیں کہا کہ ہماری فوجیں فوری یوکرائن کے علیحدگی پسند علاقوں میں جائیں گی۔ ڈومپاس میں روسی فوج کی ممکنہ کارروائیاں زمینی صورتحال پر منحصر ہوں گی۔ یورپی یونین کے وزراء خارجہ نے 27 روسی باشندوں اور کمپنیوں پر پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ روس کی پارلیمنٹ نے صدر پیوٹن کو ملک سے باہر فوج بھیجنے کی اجازت دیدی۔ سربراہ روسی ایوان بالا کے مطابق روسی فوج امن کے قیام کیلئے تعینات کی جانی چاہئے۔ نیٹو نے 100 سے زائد جنگی طیارے ہائی الرٹ کر دیئے۔ نیٹو سربراہ سٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ روس یوکرائن پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ روس نے جرمنی کا نورڈ سٹریم 2 گیس پائپ لائن کا سرٹیفکیٹ روکنے کا اقدام مسترد کر دیا۔ نیٹو نے یوکرائن کے سفیر کے ساتھ ایک غیرمعمولی اجلاس طلب کر لیا۔ برطانیہ اور آسٹریلیا نے یوکرائن کے دو علیحدگی پسند علاقوں کی آزاد حیثیت تسلیم کرنے کے معاملے پر روس کے سفیر کو طلب کر لیا۔ روسی اقدام یوکرائن کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ آسٹریا روسی اقدام کی سخت مذمت کرتا ہے۔ یوکرائن تنازعہ کے باعث عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 5 ڈالر کمی سے 1895 ڈالر فی اونس ہو گئی۔ امریکہ‘ برطانیہ‘ جرمنی‘ فرانس کی سٹاک مارکیٹس میں 0.4 فیصد تک کمی ہو گئی۔ روس کی سٹاک مارکیٹ میں 19 فیصد کمی ہوئی ہے۔