سستا ترین ملک ، حکومتی دعویٰ بے بنیاد ہے، کراچی چیمبر
کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس نے پاکستان کو دنیا کا سستا ترین ملک قرار دینے کا حکومتی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ کہ نومبیو انڈیکس میں کم فی کس آمدنی، مہنگائی، غربت، بے روزگاری کو زیر غور نہیں لایا گیا۔کراچی چیمبر کے صدر محمد ادریس نے کہا ہے کہ پاکستان کا سستا ترین ملک کا دعویٰ بے بنیاد اور زمینی حقائق کے منافی ہے، دنیا کے 139 ممالک کی اس درجہ بندی کو ہرگز مدنظر نہیں رکھا جا سکتا۔ کیونکہ یہ بنیادی طور پر کم کرایہ اور اشیائے خورونوش انڈیکس پر مبنی ہے جبکہ دیگر اہم اجزاء جیسے فی کس آمدنی کی کم شرح، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری وغیرہ کو درجہ بندی کو حتمی شکل دیتے وقت زیرِ غور نہیں لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ بدترین مہنگائی کے باعث پاکستان کی پوری آبادی بری طرح متاثر ہے۔