ڈی ایچ اے بیڈمنٹن چیمپئن شپ25 فروری سے شروع ہوگی
لاہور(بزنس رپورٹر) دس روزہ ڈی ایچ اے قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ25 فروری سے شروع ہوگی ۔یہ بات گزشتہ روز پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کے صدر واجد علی چوہدری اور سینئر نائب صدر طیب سہیل نے میڈیا کو بتائی۔ چیمپئن شپ کیپٹن فصیح بابر امین شہید سپورٹس کمپلیکس فیز 6ڈی ایچ لاہور میںہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ 14ٹیموں پر مشتمل تین سو سے زائد مردوخواتین کھلاڑی اس چیمپئین شپ میںشرکت کریں گے ۔ جبکہ جونئیر اور سینئر بیڈ منٹن چیمپئین شپ کے مقابلوںکو مجموعی طور پر 7،7 کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں سنگل، ڈبل، اور مکس ڈبل مقابلے ہوں گے۔ جونئیر چیمپئین شپ میں 15،17،اور19سال سے کم عمر کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ڈی ایچ اے لاہور کے ڈائریکٹر سپورٹس بریگیڈیئر منیر احمد ریٹائرڈ نے بتایا کہ گزشتہ 6ماہ کے دوران قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ تیسرا بڑا قومی سطح کاایونٹ ہے، جس کی میزبانی ڈی ایچ اے لاہور کر رہا ہے۔ اس سے پہلے ڈی ایچ لاہور نے قومی تیراکی اور باکسنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کی تھی۔