• news

غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے  60 ارب  ڈالرکے منصوبے تیار کئے :اظفر احسن 


 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین سرمایہ کاری  بورڈ  محمد اظفر احسن نے کہا ہے کہ ملک کے تمام صنعتی اور تجارتی شعبے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کھلے ہیں،اور ان کے ساتھ یکساں سلوک کو یقینی بناتے ہوئے 100% غیر ملکی ایکویٹی کی اجازت اور مقامی اور غیر ملکی بنکوں سے قرض لینے کی سہولیات دستیاب ہیں۔جبکہ سرمایہ کاری بورڈنے سرمایہ کاری کیلئے آسانی سے دستیاب منصوبوں کا ڈیٹا بیس تیار کیا ہے جس میں مواصلات اور آئی ٹی، تعمیرات، سیاحت، توانائی، پانی کی صفائی، زراعت اور فش فارمنگ، ریلوے اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں دستیاب 60 بلین امریکی ڈالر مالیت کے 120 پروجیکٹس ہیں۔گزشتہ روز ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے تین رکنی تجارتی وفدسے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ ایتھوپیا کے تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیں۔ وفد کو سرمایہ کاری بورڈ کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری بورڈ ، ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشیٹو اور خصوصی اقتصادی زونز کے تحت صنعتی تعاون کیلئے سیکرٹریٹ اور لیڈ ایجنسی ہے۔پاکستان میں نوجوان، ڈیجیٹل طور پر لیس آبادی ہے اور پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کے تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن