ڈپٹی کمشنر قصور نے پودا لگا کر موسم بہار شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا
قصور (نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر قصور فیاض احمد موہل نے ورلڈ سکوٹس ڈے کی مناسبت سے ڈی سی کمپلیکس کے لان میں پودا لگا کر وزیر اعظم موسم بہار شجرکاری 2022کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وائس چیئر مین سپورٹس بورڈ راؤ زاہد قیوم‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ارشد بھٹی‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین چیمہ‘ڈسٹرکٹ افسر فاریسٹ چھانگا مانگا شاہد تبسم‘محکمہ ایجو کیشن کے سکوٹس اور دیگر ضلعی افسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی او فاریسٹ چھانگا مانگا شاہد تبسم نے بتایا کہ موسم بہار 2022کی شجرکاری مہم کے تحت ضلع قصور میں 15 لاکھ 98 ہزار پودے لگائے جائینگے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ درخت کسی بھی ملک کا قابل قدر اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو معاشی اور ماحولیاتی حالات کو بدلنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔موسم بہار کی شجرکاری مہم ہمارے ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے میں مددگار ثابت ہوگی اور آنیوالی نئی نسلوں کو سر سبز و صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا۔