• news

اپوزیشن کے پاس نمبر گیم ہی پوری نہیں عدم اعتماد کیا لائیں گے:عثمان بزدار


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اپوزیشن عوام کیلئے نہیں، اقتدار کیلئے تڑپ رہی ہے۔ ساڑھے تین برس کے دوران اپوزیشن نے انتشار کی سیاست کی اور یہ نہیں چاہتے کہ عمران کی قیادت میں ملک آگے بڑھے۔ اپوزیشن نے کبھی آر پار اور کبھی استعفوں کے خالی نعرے لگائے اور اب عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑا ہوا ہے۔ اپوزیشن کے پاس نمبرگیم ہی پوری نہیں، یہ عدم اعتماد کیا لائیں گے۔ اپوزیشن کا عدم اعتماد کا خواب ہمیشہ خواب ہی رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ عثمان بزدار نے سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والوں کو ایک دوسرے پر اعتماد نہیں ہے۔ جو جماعتیں عوام کا اعتماد کھو چکی ہوں وہ کیا عدم اعتماد لائیں گی۔ پہلے دن سے ہی پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سازشیں جاری ہیں۔ اپوزیشن کی ہر سازش کی طرح تحریک عدم اعتماد بھی ناکامی سے دوچار ہوگی اورشکست خوردہ عناصر کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی بڑھک ’’دیوانے کی بڑ‘‘ ہے۔ اپوزیشن اقتدار کیلئے بے چین ہے اور رہے گی۔ سگیاں روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیادکل 25 فروری کو رکھا جائے گا۔ وزیراعلی منصو بے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سگیاں روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے پر 4ارب 32 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ عثمان بزدار نے پرو فیسر ڈاکٹر مہدی حسن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن