• news

پاکستانی سر زمین سے بھارتی گندم،جان بچانے والی ادویات افغانستان پہنچانے کی ون ٹائم اجازت


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ خصوصی نامہ نگار+شنہوا) پاکستان نے غیرمعمولی اجازت دے دی، بھارتی گندم اور جان بچانے والی ادویات کی پاکستان کے راستے افغانستان کو فراہم کی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کے تحت بھارت کی طرف سے افغانستان کے لئے پچاس ہزار میٹرک ٹن گندم اور جان بچانے والی ادویات کی امداد کی اٹاری، واہگہ سے طورخم تک پاکستان کے راستے فراہمی کی غیرمعمولی بنیادوں پر اجازت دینے سے اتفاق کیا ہے۔ امدادی سامان پر مشتمل 41 افغان ٹرک جو طورخم سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے، اٹاری، واہگہ سے بھارتی گندم کی کھیپ لاد کر آج افغانستان واپس روانہ ہو رہے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان قانونی راستوں سے ہاہمی تجارت بند ہے، ان میں فضا، سمندر اور زمین کے راستے شامل  ہیں، تاہم تیسرے ملک جن میں دوبئی اور سنگا پور شامل ہیں کے راستے سے’ تھرڈ کنٹری‘ کی بنیاد پر کچھ  بھارتی سامان آتا ہے۔ اسے سرکلر ٹریڈ کہا جاتا ہے، جبکہ سمگلنگ کا مال عام طور پر افغانستان کے راستے سے پاکستان آتا ہے۔ محتاط تخمینہ کے مطابق ان دونوں ذرائع سے  سالانہ حجم ایک بلین ڈالر کا مال پاکستان پہنچتا ہے۔ بھارت پچاس ہزار ٹن گندم بھیج رہا ہے جو اقوام متحدہ کے پروگرام کے تحت ہے، جس کے لئے  ون ٹائم بنیاد پر واہگہ کے راستے برآمد کی اجازت دی گئی ہے، تاہم بھارتی ٹرک پاکستان  میں نہیں آ سکیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن