عدم اعتماد:اپوزیشن کی حکمت عملی فائنل رائونڈ میں داخل
اسلام آباد (رانا فرحان اسلم + خبر نگار) اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے حکمت عملی ''فائنل راؤنڈ ''میں داخل ہوگئی۔ اپوزیشن جماعتوں کی قیادت نے اپنے ارکان اسمبلی کو'' سٹینڈ بائے''رہنے کا اشارہ بھی کر دیا ہے۔ فضل الرحمن‘ میاں محمد شہباز شریف اور زرداری کے مابین تحریک عدم اعتماد کی کامیابی اور نمبر گیم کے حوالے سے مشاورت بھی حتمی مراحل میں داخل۔ وزراء کی جانب سے اپوزیشن پر'' ہارس ٹریڈنگ'' کے الزامات بھی معنی خیز ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے تحریک عدم اعتماد کیلئے نمبر پورے ہونے کا دعوی بھی کر د یا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں نے اپنے اپنے ارکان کو تیار اور الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں ہیں۔ جو ارکان ملک سے باہر ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر فوری وطن واپس پہنچنے اور موجودہ حالات میں ارکان کو ملک سے باہر جانے سے گریز کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے پاس 162اراکین موجود ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے بھی'' نوائے وقت ''سے گفتگو میں یہ دعوی کیا ہے تحریک عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن کے پاس مطلوبہ تعداد موجود ہے۔