• news

جغرافیائی حیثیت اور مضبوط فوج پاکستان کی اصل طاقت


تجزیہ:محمد اکرم چودھری
جغرافیائی حیثیت اور مضبوط فوج ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ پاکستان ہر دور میں عالمی طاقتوں کے لیے اہم ملک رہا ہے۔ آج پھر تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے۔ جب دنیا میں نئے بلاک بن رہے ہیں یا پھر نئی دھڑے بندی ہو رہی ہے اہم ممالک پھر پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ماضی میں پاکستان امریکی بلاک کا حصہ رہا ہے اس دوران پاکستان نے دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے بے پناہ قربانیاں بھی دیں لیکن پاکستان جن کا اتحادی رہا ان کی وجہ سے ہماری مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ ہوتا رہا پاکستان تو سب کا ساتھ دیتا رہا لیکن کسی نے پاکستان کا ساتھ نہ دیا۔ امریکہ ہو یا یورپی یونین سب نے اپنے مفادات کو ترجیح دی۔ اب پاکستان فیصلہ کر چکا ہے کہ عالمی طاقتوں کے مفادات کی بنیاد پر کسی بھی بلاک کا حصہ بننے کے بجائے اپنے مفادات کو مدِنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جائیں، یہی وجہ ہے کہ امریکہ اور یورپی یونین کی طرف سے پاکستان پر بہت دباؤ ہے۔ یہ "فیٹف" ان کا ہی دیا ہوا تحفہ ہے۔ بہرحال موجودہ حالات میں پاکستان جس طرح خطے کے ممالک چین، ایران، روس کے ساتھ مل کر آگے بڑھ رہا ہے اور اسی اتحاد کو دیکھتے ہوئے فیصلے بھی کیے جائیں گے۔ عالمی طاقتوں کو پاکستان کی ضرورت اس کے جغرافیے کی وجہ سے رہی ہے جب کہ پاکستان کے دشمنوں نے پہلے دن سے ہی تسلیم نہیں کیا اور ہمارے خلاف سازشوں کا سلسلہ جاری رہا تمام سازشوں کا مقابلہ افواجِ پاکستان نے کیا ہے۔ اگر پاکستان کا دفاع مضبوط نہ ہوتا، ہماری بہادر افواج نے ملکی دفاع کے لیے ہر دور میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ہر وقت پاکستان کے دفاعی بجٹ پر تنقید کرنے والے اگر دشمنوں کی سازشوں کا دیکھیں اور دفاع وطن کے لیے قربانیاں دینے والوں کے جذبے کو دیکھیں اور اس دفاعی بجٹ کا دنیا سے موازنہ کرتے ہوئے حقائق کا جائزہ لیں۔ جغرافیائی حیثیت کا فائدہ بھی مضبوط اور طاقتور فوج کے بغیر نہیں اٹھایا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن