• news

زرداری،فواد نا اہلی کی درخواستیں خارج،منتخب نمائندوں کو غیر منتخب جج ڈی سیٹ کیو ں کرے


اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور وفاقی  وزیر فواد چوہدری کی  نااہلی کی درخواستیں خارج کردیں۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ دونوں کیسز منتخب نمائندوں سے متعلق ہیں اور دونوں کو ان کے عوام نے منتخب کر رکھا ہے، جب عوام نے منتخب کر رکھا ہے تو عدالت کیوں مداخلت کرے؟۔ جب 2 لاکھ افراد اپنا نمائندہ منتخب کریں تو غیر منتخب جج اسے ڈی سیٹ کیوں کرے؟۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہر سیاسی جماعت نے اپنی سوشل میڈیا ٹرولنگ ٹیم رکھی ہے، عدالتوں میں اپنے معاملات لاتے ہیں جس کے خلاف فیصلہ آئے وہ ٹرولنگ شروع کرتا ہے، جب یہ سب ہونا ہے تو عدالتیں ان معاملات میں کیوں پڑیں؟۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ اگر آج سیاسی جماعتیں چاہیں تو سوشل میڈیا ٹھیک ہو جائے گا، اپنے فالورز کو کہیں بدتمیزی نہ کریں، نفرت انگیز مواد نہ پھیلائیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ پھر آپ کہتے ہیں ہماری عدالتیں 139نمبر پر ہیں، یہ ریٹنگ عدالتوں کی نہیں ہوتی، گورننس سسٹم کی ہوتی ہے۔ عدالت نے ریٹنگ کی بنیاد بننے والے فیکٹرز کی کاپی وکلاء کو دی اور سوال کیا کہ یہ فیکٹرز پڑھیں اس میں ریٹنگ کیا صرف عدالتوں کی ہے؟۔

ای پیپر-دی نیشن