• news

شہباز ،زرداری کرپشن کی تصو یرں،ہمارے3ارکان کو ارکان کو خریدنے کی کوشش شرمناک


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور زرداری پاکستان میں کرپشن کی تصویریں ہیں، لوٹ مار کے یہ دو بڑے سوداگر رات کو اکٹھے ہوئے، رات کی ملاقاتوں میں یہ طے ہوا کہ ہارس ٹریڈنگ کے لئے انہوں نے کتنے کتنے پیسے ڈالنے ہیں، ہمارے تین ارکان اسمبلی کو تحریک عدم اعتماد کے لئے پیسوں کی آفر کی گئی جو شرمناک رویہ ہے، ہارس ٹریڈنگ دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ وہ اگلے 24 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لے کر آئے، انہیں لگ پتہ جائے گا، دنیا کی نظریں صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات پر ہیں، آئندہ ہفتے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے مزید پیکیجز لا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں دورہ روس کے حوالے سے پارٹی کو اعتماد میں لیا ہے، وزیراعظم کا دورہ روس اہمیت اختیار کر گیا ہے، دنیا کی نظریں صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات پر ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے تین ارکان اسمبلی جن میں ایک اقلیتی رکن اور ایک خاتون رکن بھی شامل ہیں، نے رپورٹ کیا ہے کہ انہیں عدم اعتماد کے لئے پیسوں کی آفر کی گئی ہے، یہ ایک شرمناک رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دو بڑے سوداگر رات کو اکٹھے ہوئے، ایک کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس لاہور میں اور دوسرے کے خلاف کراچی میں چل رہا ہے۔ زرداری اور شہباز شریف پاکستان میں کرپشن کی تصویریں ہیں، ان کی رات کی ملاقات میں یہ طے ہوا لوگوں کو خریدنے کے لئے یہ کتنے کتنے پیسے ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے کیس روزانہ کی بنیادوں پر چلنا شروع ہو گئے تو شہباز شریف جیل میں ہوں گے، یہی صورتحال آصف علی زرداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ دونوں جماعتیں مل کر واپس لانا چاہتی ہیں جو ہم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک اپوزیشن کی جرات نہیں ہوئی۔ اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ یہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لے کر آئے تو انہیں لگ پتہ جائے گا کہ ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے۔ آج پنجاب کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہے، پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ میئرز کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔ آئندہ ہفتے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے مزید پیکیجز لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہمت اور بہتان کی اسلامی قوانین میں سزائیں ہیں، بحث یہ ہونی چاہئے کہ قوانین کے غلط استعمال کو کیسے روکا جائے۔ سوال پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز گھبرا گئی ہیں، مریم اورنگزیب کا بیان شہباز شریف اور نواز شریف کی منظوری سے آیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ خصوصا سورہ النِساء میں خواتین پر تہمت تو حد ہے لہذا یہ کہنا درست نہیں کہ کریمنل قانون بنانا غلط ہے۔ بحث یہ ہونی چاہئے کہ اس کا غلط استعمال روکا جائے نہ کہ یہ کہ قانون ہونا ہی نہیں چاہئے۔ علاوہ ازیں  وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپوزیشن پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگا تے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور وزیراعظم کیخلاف ووٹ ڈالنے والا نااہل ہو جائیگا نااہل ممبر اعتماد کا ووٹ نہیں دے سکے گا، اپوزیشن سے کہتا ہوں ہم سوئے ہوئے نہیں ہیں، تحریک عدم اعتماد لانا آسان نہیں، کوئی تحریک اعتماد نہیں آ رہی، لوگوں کو دھوکا دیا جا رہا ہے،  عمران خان پانچ سال مکمل کریں گے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن