قرضوں میں سوا تین برس کے دوران 21 ہزار ارب اضافہ: سٹیٹ بنک
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان کے مجموعی قرضوں میں سوا تین سال کے دوران ہی 21 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ہے جس کے مطابق مجموعی قرضوں میں اوسطاً یومیہ 17 ارب 60 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق دسمبر 2021 کے اختتام پر پاکستان کے قرضوں اور واجبات کا مجموعی حجم 51 ہزار 724 ارب روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، ڈالر میں اب تک پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 35 ارب 40 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے۔ دسمبر 2021 کے اختتام پر پاکستان کے مجموعی بیرونی قرضوں کا حجم 130 ارب 63 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2022 کا کرنٹ اکائونٹ (جاری حسابات کا) خسارہ 2.55 ارب ڈالر رہا۔ جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی سات مہینوں کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ 11.57 ارب ڈالر رہا۔ جنوری 2022 کا تجارتی خسارہ 3.93 ارب ڈالر رہا۔ جنوری 2022 میں ملکی درآمدات 6.42 ارب ڈالر رہیں جبکہ ملکی برآمدات 2.48 ارب ڈالر رہیں۔ رواں مالی سال کے ابتدائی سات مہینوں کا تجارتی خسارہ 25 ارب ڈالر رہا جس کے مطابق درآمدات 42 ارب ڈالر، برآمدات 17 ارب ڈالر رہیں۔ رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں خدمات کا خسارہ 2.22 ارب ڈالر رہا۔
سٹیٹ بنک