مسئلہ کشمیر پر نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلایا جائے: آل پارٹیز ریلی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں آل پارٹیز کشمیر ریلی میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر مسئلہ کشمیر پر نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کا مکروہ چہرہ ہم دنیا بھر میں بے نقاب کرنے کے لئے پرعزم ہیں، تمام رہنمائوں کے ساتھ مل کر مظفرآباد، پھر لندن اور برسلز میں ریلیاں نکالی جائیں گی، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران ایک بڑا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں منعقدہ کشمیر ریلی میں تمام جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کشمیری اپنے ہاتھوں میں کشمیری جھنڈے اٹھائے کشمیر ریلی میں شریک ہوئے۔ اس آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں پہلے مرحلے میں گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک بڑی کشمیر ریلی منعقد کی گئی۔ اس سلسلے میں ریلی میں شرکت کے لیے آزاد کشمیر بھر سے قافلے اسلام آباد نیشنل پریس کلب پہنچے۔ کشمیر ریلی میں آزاد کشمیر کے تمام اضلاع سے خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ کشمیر ریلی کے دوران شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ہے۔ حق ہمارا آزادی، ہم چھین کے لیں گے آزادی، گو مودی گو، کشمیر کی آزادی کی جنگ بیرسٹر سلطان کے سنگ، تیری جان میری جان پاکستان پاکستان، کے نعرے لگاتے رہے۔ ریلی کا آغاز نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ہوا جس میں آزاد جموں و کشمیر کی دینی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ حریت کانفرنس کے رہنماں سمیت کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ ریلی کا اختتام ڈی چوک پر ہوا جہاں کشمیری قائدین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا ہے۔ ہم بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرکے سازش کو بے نقاب کریں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی اور مذہبی مسئلہ کشمیر کے حوالے متحد ہیں۔ افعانستان نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلایا جاسکتا ہے تو کشمیر پر بھی بلانا چاہیے۔ کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس فاروق رحمانی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہا۔ صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین آل پارٹیز کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجتماع کا دنیا بھر میں پیغام گیا ہے، پوری کشمیری قیادت مسئلہ کشمیر پر اکٹھی ہے۔ ریلی سے کئی دیگر کشمیری رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔