وزارت عظمیٰ ن لیگ کا حق، ہمارے نمبر 182 سے اوپر ہیں: کائرہ
گجرات (نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے سمال انڈسٹریل سٹیٹ ٹو کی زرعی اراضی پر تعمیر کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گجرات میں زرعی زمین پر علاقائی ترقی کے نام پر بنایا جانے والا منصوبہ کسان برادری کا معاشی قتل ہے۔ درحقیقت انڈسٹریل سٹیٹ کے نام پر بزدار حکومت مستقبل کی ہائوسنگ سوسائٹی کیلئے راہ ہموار کر رہی ہے۔ ساروکی، شیخ قریشیاں، چک قاضی کے متاثرہ کسانوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا قومی اسمبلی، پنجاب اسمبلی، سینٹ سمیت ہر فورم پر مسلسل آواز بلند کریں گے۔ عدالتوں نے زرعی زمینوں پر تعمیرات کے حوالے سے ہر چیز واضح کر رکھی ہے مگر عدالتی احکامات کو بھی نذر انداز کر کے کسانوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم شپ مسلم لیگ ن کا حق ہے کیوں اسمبلی میں وہی بڑی اپوزیشن جماعت ہے۔ وزیر اعظم دورے کر رہے اس حکمت کی سمجھ نہیں آ رہی، مولانا فضل الرحمن ساری اپوزیشن جماعتوں کے سربراہ بھی اور چیئرمین بھی ہیں۔ اپوزیشن الائنس عدم اعتماد تحریک کے بعد جاری رہے گا یا نہیں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ الیکشن کے بعد الائنس کی صورتحال بنی تو درست وگرنہ جسکی اکثریت ہوگی وہی حکومت بنائے گا۔ یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ آئندہ کوئی بھی جماعت حکومت بنا بھی لے تو تنہا کچھ نہیں کر پائے گی۔ پیکا قانون لاگو ہوا تو سب سے پہلے فواد چودھری اور عمران خان ہی مجرم ہوں گے۔ ہمارے نمبر 182 سے اوپر ہیں۔ لیڈروں کے کھانے صرف کھانے نہیں یہ ملاقاتیں بامقصد ہیں ۔ اس موقع پر تنویر اشرف کائرہ ، ڈاکٹر زاہد ظہیر، اصغر پسوال، میر انجم، میاں فخر پگانوالہ دیگر بھی موجود تھے۔ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ ٹو نا منظور نا منظور کے بینرز بھی پنڈال میں آویزاں تھے۔